ہفتہ , 20 اپریل 2024

پاکستان 177رنز پرڈھیر، کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے پہلے دن باؤلرز بھی ناکام

کیپ ٹائون(مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن کے بعد باؤلنگ بھی ناکامی سے دوچار ہو گئی اور پاکستانی ٹیم کے 177رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد جنوبی افریقہ نے 2وکٹوں کے نقصان پر 123رنز بنا کر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔کیپ ٹاؤن میں کھیلی جا نے والی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر وکٹ میں موجود نمی کا فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں بدترین ناکامی سے دوچارہ ہونے والی پاکستانی بیٹنگ لائن کا احوال دوسری اننگز میں بھی کچھ مختلف نہ تھا اور فخر زمان ایک رن بنانے کے بعد ڈیل اسٹین کی وکٹ بن گئے۔امام الحق کا وکٹ پر قیام محدود رہا اور ٹیم میں واپس آنے والے ورنن فلینڈر نے 8 رنز بنانے والے واپنر کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ تجربہ کار اظہر علی بھی صرف دو رنز بنا کر چلتے بنے۔

19رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد شان مسعود کا ساتھ دینے اسد شفیق آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔تاہم 51 کےمجموعے پر کگیسو ربادا کی گیند پر اسد شفیق سلپ میں کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 20 رنز بنائے۔ابھی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں ڈوان اولیویئر نے بابر اعظم کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا اور پاکستان 54رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہو چکا تھا۔

اس موقع پر شان مسعود اور کپتان سرفراز احمد وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرانے کے سات ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 60رنز کی شراکت قائم کی۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ربادا نے اپنی ٹیم ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے 44رنز بنانے والے شان مسعود کو وکٹ کیپر کی مدد سے قابو کر لیا۔

دوسری اینڈ پر موجود سرفراز نے روایتی انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور نئے بلے باز محمد عامر کے ساتھ قیمتی 42رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی لیکن پہلے میچ کے ہیرو اولیویئر نے ایک مرتبہ پھر اپنے کپتان کو مایوس نہ کرتے ہوئے سرفراز کی اہم وکٹ حاصل کر کے پاکستان کی معقول مجموعے تک رسائی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، پاکستانی کپتان نے 56رنز بنائے۔

اس کے بعد محمد عامر کی مزاحمت کے باوجود جوبی افریقہ کو پاکستانی ٹیم کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 177 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، عامر 22رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔میزبان ٹیم کی جانب سے ڈوان اولیویئر 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ڈیل اسٹین نے تین اور کگیسو ربادا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز ایڈن مرکرم اور ڈین ایلگر نے اپنی ٹیم کو 56رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، ایلگر 20رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی وکٹ بنے۔لیکن دوسرے اینڈ سے مرکرم نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ہاشم آملا کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 68رنز جوڑے۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب پارٹ ٹائم باؤلر شان مسعود نے 14 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین 78رنز کی اننگز کھیلنے والے مرکرم کی وکٹیں بکھیر دیں اور اس کے ساتھ ہی امپائرز نے پہلے دن کے کھیل کے خاتمے کا اعلان کردیا۔

جب میچ کا پہلا دن ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے 2 وکتوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 54رنز درکار ہیں۔اس سے قبل دونوں ٹیموں میں وکٹ کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایک ایک تبدیلی کی گئی ہے۔جنوبی افریقہ نے اسپنر کیشو مہاراج کو آرام کا موقع دیا جبکہ ان کی جگہ پر نیولینڈز کے ہیرو ویرون فلینڈرز کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور کوچ نے گزشتہ میچ کی ناکام بیٹنگ لائن پر ایک مرتبہ پھر بھروسہ کرتے ہوئے ٹاپ آرڈر میں کوئی تبدیلی نہیں کی، تاہم سینچورین میں صرف 3 وکٹیں لینے والے حسن علی کی جگہ عالمی نمبر 3 محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ میچ سے ایک روز قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا تھا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں 6 بلے بازوں اور 3 فاسٹ باؤلر اور ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

سرفراز احمد نے کہا تھا کہ کیپ ٹاؤن کی وکٹ کو دیکھ کر لگ رہا ہے اس میں یاسرشاہ کو مدد ملے گی اور ہم ایک اسپنر کے علاوہ 3 فاسٹ باؤلرز کو بھی شامل کریں گے۔فاسٹ باؤلر محمد عباس کی ٹیم میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ محمدعباس مسلسل کھیلتے رہے تو فیلنڈر جیسے کامیاب باؤلر بن جائیں گے۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ مڈل آرڈر بلےباز حارث سہیل زخمی ہو کر سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔پاکستان ٹیم سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کھا کر 0-1 کے خسارے سے دوچار ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …