بدھ , 24 اپریل 2024

تھائی لینڈ میں طوفان، بلیک آؤٹ کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر

بنکاک (مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی تھائی لینڈ میں شدید طوفان کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور بلیک آؤٹ نے تقریباً 30 ہزار افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور کردیا۔ذرائع کے مطابق پابوک طوفان کے باعث جنوبی تھائی لینڈ میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے اور ہزاروں افراد اور سیاح محصور ہوگئے۔

طوفان کے باعث 75 کلومیٹر (45 مائلز) فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں اور تیز بارش اور طوفان نے ریاست کے جنوبی حصے کو نقصان پہنچایا اور بجلی کا نظام تباہ ہوگیا۔پابوک طوفان کے باعث جنوبی پٹانی صوبے میں تیز لہروں کی زد میں آکر ایک ماہی گیر ہلاک ہوا جبکہ اس کا ساتھی مبینہ طور پر لاپتہ ہے۔

طوفان کے باعث سیاحوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور اہم سیاحتی جزیرے کوہ ساموئی، کوہ پھنگن اور کوہ تاؤ پر تیز بارش کے باعث سیاح محصور ہوگئے جبکہ ایئرپورٹ بند ہونے اور فیری سروسز معطل ہونے کے باعث بھی انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کوہ ساموئی کے ضلعی چیف کتیپوپ روڈون نے کہا کہ ’وہاں کوئی اموات نہیں ہوئی، آج موسم کچھ بہتری ہے اور مجھے امید ہے کہ کچھ سیاحوں کی آج ہی وہاں سے واپسی ہوجائے گی کیونکہ فیریز اور فلائٹس بحال ہوگئی ہیں۔تاہم ساحلوں پر تیراکی پر پابندی کے لیے ’ریڈ فلیگ‘ انتباہ جاری ہے جو ہر سال اس موسم کے درمیان ہوتا ہے۔

دوسری جانب کوہ پھنگن جزیرے کے ضلعی چیف کریکرائی سونگتھانی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ سب ختم ہوگیا ہے اور تمام 10ہزار سیاح محفوظ ہیں اور میں سکون میں ہوں۔انہوں نے کہا کہ جزیرے پر تیز ہواؤں کے باعث صرف معمولی نقصان پہنچا تھا۔ادھر محکمہ موسمیات کا کا کہنا تھا کہ ہفتے کو طوفان کی شدت اور ہوا کی رفتار میں کمی آئی ہے اور یہ بحر اندامن کی طرف مڑ گیا ہے۔

تاہم انتظامیہ کی جانب سے کچھ حصوں میں بارش اور طوفان کے باعث سیلاب کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔تیز ہواؤں یا درختوں کے گرنے کے باعث درجنوں بجلی کے کھمبے گر گئے تھے اور تقریباً 2 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے تھے۔

ڈیزازٹر پریونٹیشن اینڈ مٹیگیشن ڈپارٹمنٹ کے مطابق ہفتے تک کچھ 30 ہزار صارفین بجلی سے محروم تھے جبکہ تقریباً اتنی ہی تعداد میں لوگ پناہ گاہوں میں موجود تھے جو سیلابی پانی کے خاتمے اور بجلی کی بحالی کے منتظر ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …