ہفتہ , 20 اپریل 2024

بھارت: مسافر بس کے حادثے میں ڈرائیور سمیت 6 طلبہ ہلاک

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے شمالی حصے میں بس کھائی میں گرنے سے ڈرائیور سمیت 6 طلبہ ہلاک اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق حادثہ بھارت کے ہمالیہ سلسلہ میں واقع ضلع سرماریو میں پیش آیا جس میں ہلاک ہونے والے تمام بچے اسکول کے طالبعلم تھے۔پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بس حادثے میں ڈرائیور بھی ہلاک ہو گیا جبکہ زخمی ہونے والے طلبہ کی حالت تشویشناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں سوار بچوں کی عمریں 4 سے 14 برس کے درمیان تھی۔ضلعی حکام کی جانب سے واقعے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی۔بچے ریاست ہماچل پردیش کے دور افتادہ علاقے میں واقع اسکول میں تعلیم حاصل کرتے تھے۔

خیال رہے کہ بھارت میں ہر سال ٹریفک حادثے میں سالانہ ایک لاکھ 50 ہزار افراد ہلاک ہوتے ہیں۔24 نومبر 2018 کو ریاست کرناٹکا میں مسافر بس نہر میں گرنے سے اسکول کے بچوں اور خواتین سمیت 21 افراد ہلاک ہو گئےتھے۔

پولیس کے مطابق کرناٹکا کے ضلع پینڈیوپورہ میں حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ بس میں زیادہ تر اسکول کے بچے سوار تھے جو چھٹی کے بعد واپس اپنے گھر جارہے تھے۔

قبل ازیں 9 اپریل کو ہماچل پردیش میں اسکول بس کھائی میں گرنے سے 27 بچوں سمیت 30 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ہماچل پردیش کے وزیر ٹرانسپورٹ گووِند سنگھ ٹاکُر نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نیوز ایجنسی کو بتایا تھا کہ حادثے میں بچوں کے علاوہ 3 نوجوان بھی ہلاک ہوئے۔

پولیس افسر سُنیل کمار کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور نے بس کا کنٹرول کھو دیا، جس کے باعث ہمالیہ کی پہاڑیوں میں بس 200 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …