ہفتہ , 20 اپریل 2024

گرینڈ الائنس کی طرف نہیں جا رہے، حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے: بلاول زرداری

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جوائنٹ انوسٹی گیشن کی رپورٹ کو سیاسی قرار دیتے ہوئے اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب حکومت کے دباؤ پر کام کر رہی ہے، ہم جے آئی ٹی رپورٹ کو نہیں مانتے۔

لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت اداروں کو دباؤ میں لا کر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنا رہی ہے، نیب حکومت کے دباؤ پر کام کر رہی ہے، ہم جے آئی ٹی رپورٹ کو نہیں مانتے۔ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، ایک سال کی عمر سے جیلوں کا سامنا کرتے آیا ہوں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کیا یہ حکومت چل رہی ہے؟ اتنی نااہل اور نالائق حکومت زندگی میں نہیں دیکھی، سردیوں میں بھی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ موجودہ حکومت کی کوئی پرفارمنس ہی نہیں ہے، ملک کی معیشت تباہ ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں یہ سارے کیسز جھوٹے اور جعلی ہیں۔ مخصوص طاقتوں کی کوشش ہے کہ پیپلز پارٹی کو بدنام کرنا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر کی زندگی میں بھی سب کچھ ہو رہا تھا، آصف زرداری کو بغیر کسی جرم کے گیارہ سال جیل میں رکھا گیا۔ ہم اب بھی بھٹو کے اصولوں پر کمپرومائز نہیں کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے الزام لگایا کہ جے آئی ٹی سیاسی بنیادوں پر بنی، ہم سیاسی حملوں کا سیاسی جواب دے رہے ہیں اور لیگل ایشوز کا جواب عدالت میں دے رہے ہیں۔ یہ پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے عدالت کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے واضح کیا کہ اپوزیشن کیلئے ہماری جماعت اکیلے ہی کافی ہے، حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے، یہ لوگ الیکشن میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے، ہم گرینڈ الائنس کی طرف نہیں جا رہے، آصف زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شیخ رشید میری سیاست پر تبصرہ کرے گا تو ٹرین کو کون چلائے گا؟ وہ اپنی وزارت پر توجہ دیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …