ہفتہ , 17 اپریل 2021

امریکہ کی فوجی انخلا سے قبل اسرائیل کے تحفظ کی یقین دہانی

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ، شام سے اپنی فوجیں واپس بلانے سے قبل اسرائیل کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گا۔ اطلاعات کے مطابق امریکی مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے اسرائیل کو اپنی حمایت کا مکمل یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کے شام سے انخلاء پر اسرائیل کی سکیورٹی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔مشیر قومی سلامتی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام سے امریکی فوجیوں کا انخلاء داعش کے مکمل خاتمے اور دوبارہ سر نہ اُٹھانےکی ضمانت پر ہوگا۔جان بولٹن کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنے اتحادیوں کو غیر محفوظ حالت میں چھوڑ کر شام سے نہیں جائے گا۔

اسرائیل اور کرد جنگجوؤں کے مکمل تحفظ کا انتظام کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ جان بولٹن نے مزید کہا کہ کرد جنگجو شام میں امریکی حمایت یافتہ فورس کا حصہ تھے اس لیے انخلاء سے قبل ترکی کو داعش کے خلاف برسرپیکار کرد باغیوں کے تحفظ کی بھی ضمانت دینا ہوگی جنہیں امریکہ کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن چار روزہ دورے پر تل ابیب پہنچے جہاں سے وہ ترکی کے لیے روانہ ہوں گے۔ دورے کا مقصد شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاء پر حکمت عملی طے کرنا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …