اتوار , 18 اپریل 2021

ٹرمپ افغان عوام کی توہین پر معافی مانگیں، افغان سینیٹ کا مطالبہ

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کی سینیٹ نے امریکی صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان عوام کی توہین پر باضابطہ طور پر معذرت خواہی کریں۔ کابل سے ہمارے نمائندے کے مطابق افغانستان کی سینیٹ کے چیرمین فضل ہادی مسلم یار نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے سابق سویت یونین کے خلاف افغان عوام کے جہاد کے بارے میں امریکی صدر کے حالیہ بیان کو توہین آمیز قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کو اپنے توہین آمیز بیان پر افغان عوام سے باضابطہ معافی مانگنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سرزمین افغانستان میں سابق سویت یونین کی شکست ہماری قوم کا قابل فخر کارنامہ ہے۔مسلم یار نے مزید کہا کہ اگر افغان عوام کا جہاد نہ ہوتا تو آج امریکہ کمیونیزم کے خطرات سے محفوظ نہ رہتا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تضاد بیانیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے افغانستان پر سابق سویت یونین کے حملے کو جائز اور اس کے خلاف جنگ کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …