جمعہ , 19 اپریل 2024

امریکہ ،اسرائیل، جنگ یمن سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں،انصاراللہ

صنعا(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے درمیان اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفتھس نے صنعا میں یمن کی اعلیٰ سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط سے ملاقات کی ہے۔ دوسری جانب عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل، جنگ یمن سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفتھس نے جنگ بندی کی صورتحال کا جائزہ لینے کی غرض سے صعنا میں انصاراللہ کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

یمن اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے اس موقع پر واضح کیا ہے کہ یمن میں امن و استحکام ہماری اولین ترجیح ہے اور ان کی تنیظم اسٹاک ہوم امن سمجھوتے کے تحت جنگ بندی کی پابندی کرتی رہے گی۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے پر زور دیا کہ وہ فریق مقابل کو جنگ بندی کا پابند بنائیں تاکہ یمن کے عوام تک انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفتھس نے اس موقع پر الحدیدہ میں جنگ بندی کے حوالے سے انصار اللہ تحریک کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے صورتحال کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ کا دورہ صنعا ایسے وقت میں انجام پا رہا ہے جب سعودی اتحاد کی جانب سے الحدیدہ سمیت یمن کے مختلف شہروں پر حملے بدستور جاری ہیں۔

یمنی فوج کے ترجمان یحی السریع نے کہا ہے کہ پچھلے اڑتالیس گھنٹے کے دوران سعودی اتحاد کی جانب سے تین سو ترپن بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی اتحاد کے فوجیوں نے اتوار کے روز بھی صوبہ الحدیدہ کے مختلف علاقوں حیس، خمیس، کوعی شعب اور الزعفران پر راکٹوں اور میزائلوں سے حملے کیے۔

یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا جواب دیتے ہوئے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مغربی تعز کے علاقے میں سعودی اتحاد کے ٹھکانوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یمنی فوج کی ایک جوابی کارروائی میں متحدہ عرب امارات کی فوج کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

درایں اثنا انصار اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن حزام الاسد نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل جنگ یمن سے ناجا‏ئز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ سعودی عرب کو بھاری مقدار میں اسلحہ اور فوجی ساز و سامان بھیج کر بھاری منافع کما رہا ہے جبکہ اسرائیل، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارت کی حمایت کر کے فلسطینیوں کے خلاف اپنے سینچری ڈیل جیسے گھناؤنے منصوبے کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن نے مزید کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے علاقائی پٹھوؤں کو یمنی عوام کی استقامت کے سامنے گھٹنے ٹیکنا پڑیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …