بدھ , 19 جون 2019

ملک بھر کے تمام اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے ٹاسک فورس کے اجلاس میں ملک بھر کے اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی ایم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ٹاسک فورس برائے اسپورٹس کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا، وزیر دفاع پرویز خٹک، معاونین خصوصی نعیم الحق، افتخاردرانی، اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ہاکی، کرکٹ، اسکواش سمیت تمام کھیلوں سے متعلقہ تنظیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ٹاسک فورس نے وزیراعظم کو ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لیے سفارشات پیش کیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے شعبے میں ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مداخلت، بدانتظامی اور سہولتوں کے فقدان سے پاکستان کھیلوں کے میدان میں پیچھے رہ گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی اور مقابلے کی فضا سے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا جا سکتا ہے۔اجلاس میں ملک بھر میں موجود اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرنے کے لیے نیا تنظیمی ڈھانچہ متعارف کرایا جائے گا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نئے انتظامی ڈھانچے کا باقاعدہ اعلان رواں ماہ کے آخر تک کر دیا جائے گا۔

یہ بھی دیکھیں

ورلڈ کپ 2019:پاک بھارت میچ تاریخ کے لیے نیا باب

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے اتوار کو قومی ٹیم …