ہفتہ , 20 اپریل 2024

حکومت کا شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے ملک بھر کی موٹر ویز کو انشورڈ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے ملک بھر کی موٹر ویز کو انشورڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا،کسی بھی حادثہ یا دہشتگردی کی کارروائی کی صورت میں متاثرین کو 5 لاکھ معاوضہ اداکیاجائیگا، ریسکیو کیلئے ہیلی کاپٹر خریدے جائیں گے ،ذرائع کے مطابق وزارت تجارت کے ذیلی ادارہ این آئی سی ایل نے سمری کابینہ کو بھیجی جس میں ملک بھر کی موٹر ویز کو انشورڈ کرنے کی تجویز دی گئی ،ذرائع کے مطابق موٹر وے پر جانیوالی ہر کار سے 30 روپے ،ویگن اور کوسٹر50 روپے جبکہ مسافر بس سے 80 روپے انشورنس کی مد میں چارج کرنے کی تجویز دی گئی ، منصوبہ کے تحت سب سے پہلے اسلام آباد سے لاہور موٹروے ایم ٹوپر انشورنس پالیسی لاگو کی جائیگی، اسکے بعد ایم ون اسلام آباد پشاور پر لاگو ہوگی۔

پالیسی کی منظوری کے تین ماہ بعد مری اسلام آباد موٹر وے پر اس پالیسی کو لاگو کیا جائے گاجبکہ 6 ماہ کے اندر پالیسی کا دائرہ ایم فور ملتان تک پھیلایا جائے گا،اسکے بعد سندھ تک اسکو پھیلایا جائے گا،اس حوالے سے این آئی سی ایل کے ناتھ زون کے سربراہ کوثر زیدی نے تصدیق کی کہ موٹر ویز انشورنس پالیسی کی سمری کابینہ کو بھیجی جا چکی ہے جو کابینہ سے منظوری کے بعد نافذالعمل ہوگی،انہوں نے بتایا کہ موٹر وے پر حادثہ کی صورت میں پولیس رپورٹ پر حادثہ کا شکار ہونیوالوں کو معاوضہ کی ادائیگی کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ موٹر وے کے ہر 50 کلومیٹر پر ایمبولینس سروس کی سہولت دی جائے گی اور ہر 100 کلومیٹر پر ٹراما سنٹر قائم ہوگا جسے ریسکیو 1122 کے تحت چلایا جائیگا، انشورنس پالیسی کے 2 سال کے اندر ریسکیوآپریشنز کیلئے ہیلی کاپٹر خریدے جائیں گے ۔حادثہ یا کسی دہشتگردی کے واقعہ کی صورت میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ اور زخمی ہونیوالے کو اڑھائی لاکھ معاوضہ ملے گا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …