جمعرات , 25 اپریل 2024

جوہانسبرگ ٹیسٹ؛ دوسرے دن پاکستان کا 2 وکٹ پر17 رنز سے آغاز

جوہانسبرگ (مانیٹرنگ ڈیسک)جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف جنوبی افریقا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ قومی ٹیم نے دوسرے دن کا آغاز 2 وکٹ پر 17 رنز سے کیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ میں کھیلا جارہا ہے، جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے کیا۔ اوپنر ڈین ایلگر زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ایڈن مارکرم نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور نصف سنچری مکمل کی، کھانے کے وقفے تک میزبان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 108 رنز بنائے، دوسرے سیشن میں تازہ دم بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مارکرم اور ہاشم آملہ کو پویلین بھیج دیا، مارکر نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 90 رنز پر چلتے بنے جب کہ ہاشم آملہ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کی چوتھی وکٹ 229 رنز پر اس وقت گری جب بروین 49 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے، محض 15 رنز کے اضافے کے ساتھ 244 کے مجموعے پر باووما 8 اور زوبایر حمزہ 41 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے، محمد عامر نے دونوں کو چلتا کیا، 20 رنز کے اضافے کے ساتھ باقی بیٹسمین بھی آؤٹ ہوگئے۔جنوبی افریقا کی پہلی اننگز کا خاتمہ 262 رنز پر ہوا، قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی پھر ناکام ہوگئی، انِ فارم بیٹسمین شان مسعود 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر فلینڈر نے آؤٹ آف فارم اظہر علی کو چلتا کردیا، پہلے دن کے اختتام پر امام الحق 10 اور نائٹ واچ مین محمد عباس صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا، تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقا کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …