جمعرات , 25 اپریل 2024

ایران اور عراقی کردستان ریجن کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تاکید

بغداد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ایران اور عراقی کردستان ریجن کی انتظامیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کا خیر مقدم کیا ہے۔منگل کے روز اربیل میں عراقی کردستان ریجن کے وزیراعظم نچیروان بارزانی کے ساتھ ملاقات میں وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ بغداد اور اربیل کے ساتھ تہران کے تعلقات دیرینہ، ممتاز اور تعمیری ہیں جبکہ اقتصادی تجارتی میدان بھی یہ تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔

عراقی کردستان ریجن کے وزیراعظم نیچروان بارزانی نے اس موقع پر کہا کہ ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعاون سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کا فروغ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے داعش کے حملے کے وقت ایران کی جانب سے عراقی کردستان ریجن کی حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے کے عوام اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت اور امداد کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ایران کے وزیر خارجہ اور عراقی کردستان ریجن کے وزیراعظم نے اس ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کی تقویت کو بھی ضروری قرار دیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے منگل کے روز عراقی کردستان کے ریجن کے سیکورٹی کے مشیر سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔بعد ازاں ایران و عراقی کردستان ریجن کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران اور عراقی کردستان ریجن کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔ایران کے وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ کسی بھی قسم کی پابندیاں ایران اور عراق کے اقتصادی تعلقات کے فروغ میں حائل نہیں ہوسکتیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو یوریشیا اور عراق کو عرب ملکوں میں نمایاں پوزیشن حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف اعلی سطحی اقتصادی اور سیاسی وفد کے ہمراہ منگل کے روز عراقی کردستار ریجن کے صدر مقام اربیل پہنچے تھے جہاں وزیراعظم نچیروان بارزانی نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے پیر کے روز بغداد میں عراق کے صدر برھم صالح، وزیراعظم عادل عبدالمہدی، اسپیکر محمد الحلبوسی، وزیر خارجہ محمد علی الحکیم، نیشنل وزڈم موومنٹ کے سربراہ سید عمار حکیم، نجبا تحریک کے سربراہ اکرم الکعبی، البنا پارلیمانی گروپ کے سربراہ ھادی العامری اور سابق وزیر اعظم اور الدعوہ پارٹی کے رہنما نوری المالکی سے بھی ملاقات کی تھی۔ بعد ازاں وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بغداد میں منعقدہ ایرانی اور عراقی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

صہیونی وحشیانہ حملوں نے مغربی تہذیب و تمدن کے چہرے سے نقاب اتار دیا،آیت اللہ سید علی خامنہ ای

تہران:بسیجیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ طوفان …