منگل , 23 اپریل 2024

قطر ایک لاکھ پاکستانیوں کو نوکری فراہم کرے گا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ دورہ قطر کے موقع پر قطر نے حکومت پاکستان کی جانب سے ایک لاکھ پاکستانیوں کو نوکری دینے کی درخواست قبول کر لی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر 21 سے 22 جنوری کو قطر کا سرکاری دورہ کیا تھا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤود، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید ذوالفقارعباس بخاری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف، چیئر پرسن وزیراعظم ٹاسک فورس برائے توانائی اور خارجہ سیکرٹری بھی ان کے ہمراہ تھے۔قطر میں وزیر اعظم عمران خان کا پرجوش استقبال کیا گیا، جب کہ قطری مسلح افواج نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قطر کو ایک لاکھ پاکستانیوں کو نوکریاں فراہم کرنے کی درخواست کی گئی جسے قطری قیادت نے فراخ دلی سے قبول کرلیا ہے۔وزیراعظم نے ایک لاکھ پاکستانی افرادی قوت منگوانے کے فیصلے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے امیر قطر سے 2022 کے فیفا ورلڈ کپ کے انعقاد کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں میں پاکستان کی افرادی قوت کو زیادہ حصہ دینے کی بھی درخواست کی ہے۔

دورہ قطر پر جاری اعلامیہ کے مطابق اعلی سطح کی ملاقاتوں کے علاوہ وزیراعظم نے قطر کے ممتاز کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم عمران خان نے قطر کے کاروباری افراد کو توانائی، پٹرولیم، ادویہ سازی، زرعی تحقیق، فوڈ پراسیسنگ، ثقافت، سیاحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت پاکستان کی معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وزیراعظم نے قطر کے عوام اور نجی شعبے کو اگلے پانچ سال کے دوران 50 لاکھ سستے گھروں کی تعمیر کے لیے حکومت کی مہم میں شراکت دار بننے کی بھی دعوت دی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …