بدھ , 24 اپریل 2024

دنیا کے دو بڑے ممالک 8 کروڑ خواتین کی کمی کا شکار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) انسانی حقوق کے عالمی ادارہ ہیومین رائٹس واچ نے انکشاف کیا ہے دنیا میں آبادی کے لحاظ سب سے بڑے دو ممالک میں 8 کروڑ خواتین کی کمی ہے۔ہیومن رائٹس واچ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق چین اور بھارت میں مردوں کے مقابلے میں خواتیں کی تعداد کم ہے جسے پورا کرنے کے لیے دونوں ممالک کو مجموعی طور پر 8 کروڑ خواتین کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین اور بھارت میں بعض علاقے ایسے بھی ہیں جہاں ہر 120 مرد کے مقابلے میں صرف 100 خاتوں موجود ہوتی ہیں جوکہ دونوں ممالک میں مرد اور خواتین کے تعداد میں پریشان کن عدم توازن کی نشاندہی کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک میں متعلقہ حکام بھی اس صورت حال سے پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چین میں 1979 سے 2015 تک جاری رہنے والی ایک بچے کی پالیسی ملک میں مردوں کی تعداد خواتین کے مقابلے میں بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوئی کیونکہ وہاں اس پالیسی کی وجہ سے چینی گھرانے بچیوں کی پیدائش کے معاملے میں اسقاط حمل کو ترجیح دیتے تھے اور بعض چینی علاقوں میں یہ روایت آج بھی پائی جاتی ہے۔

چین میں مردوں کی تعداد خواتین سے کافی زیادہ ہونے کے باعث چینیوں کی جانب سے میانمار سے خواتیں خریدنے کے معاملے نے بھی جنم لیا ہے۔ہیومن رائٹس کے مطابق چینی مرد میانمار سے خواتین خرید کر ان سے زبردستی شادی کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چینی میانمار سے خواتین کو 3 سے 13 ہزار ڈالر میں خرید کر چین لاتے ہیں جہاں ان خواتین کو گھروں میں قید کر دیا جاتا ہے اور ان سے زبردستی بچے پیدا کرنے کے بعد انہیں واپس میانمار بغیر بچوں کے بھیج دیا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق میانمار کے علاوہ کمبوڈیا اور ویتنام سے بھی خواتیں خریدی جاتی ہیں۔

پروپاکستانی اردو کی شائع کردہ ایک الگ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا جا چکا ہے چین میں شرح پیدائش انتہائی خوفناک حد تک گرنے کے بعد حکومت کو سب سے زیادہ آبادی کے ملک میں اصلاحات کرنا پڑی تھیں۔ ان اصلاحات کے تحت ایک بچہ ایک گھرانہ پالیسی ختم کر دی گئی تاہم ماضی میں کیے گئے اقدامات کے باعث چینی جوڑے زیادہ بچوں کے لیے آمادہ نہیں، اس صورتحال کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ چین میں شرح پیدائش 57 برس قبل کی کم ترین سطح پر چلی گئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بائیڈن کے حماس سے اپنی شکست تسلیم کرنے کے چار اہم نتائج

ایک علاقائی اخبار نے الاقصیٰ طوفان آپریشن کو مختلف جہتوں سے حماس کے خلاف امریکہ …