جمعرات , 25 اپریل 2024

پاکستان میں تجارتی رپورٹنگ کے لیے صحافی روبوٹ متعارف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ بزنس (تجارت) کے میدان میں بطور صحافی اپنی قسمت آزمانا چاہتے ہیں تو پاکستان میں آپ کا مقابلہ اب روبوٹس سے ہوا کرے گا۔پاکستان میں پہلی بار تجارتی رپورٹنگ کے لیے ڈانتے نامی صحافی روبوٹ کو متعارف کیا گیا ہے جو پاکستان اسٹاک ایکسجینچ میں کاروبار کے اختتام پر ایک جامع رپورٹ تیار کرکے اسے شائع کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ مذکورہ روبوٹ محض چند ہی سیکینڈز میں اس ٹاسک کو مکمل کرسکتا ہے۔

این ای ڈی یونیورسٹی میں روبوٹ صحافی پراجیکٹ کے لیے الہی گروپ آف کمپنیز سے فنڈ حاصل کرنے کی تقریب میں بیس ٹکنالوجیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انیس الدین شیخ کا کہنا تھا کہ روبوٹ صحافی گذشتہ کئی دنوں سے پاکستان اسٹاک ایکسجینج کے حوالے سے رپورٹس تیار کررہے ہیں۔

ان کے مطابق ڈانتے موسمیات اور سپورٹس پر بھی رپورٹنگ کرسکتا ہے علاوہ ازیں تعلیم، صحت اور ثقافت کے شعبوں کی رپورٹنگ کے لیے بھی ڈانتے پر کام کیا جا رہا ہے۔میڈیا میں روبوٹ کے استعمال کے حوالے سے کچھ عرصہ قبل چین کے سرکاری خبررساں ادارے ژن ہوا نے بھی بھی روبوٹ نیوز اینکر متعارف کرایا تھا۔

پاکستانی روبوٹ صحافی کے متعلق یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ وہ جس ڈیٹا کی بنیاد پر رپورٹ تیار کرتا ہے وہ کن ذرائع سے حاصل کی جاتی ہے اور روبوٹ کی رپورٹ کو انسانی جائزہ کے بعد شائع کیا جاتا ہے یا اس کے بغیر ہی پبلک کر دیا جاتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

لکڑی سے بنا دنیا کا پہلا سیٹلائیٹ آئندہ برس لانچ کیا جائے گا

کیوٹو: امریکی خلائی ادارہ ناسا اور جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جے ای ایکس اے) …