جمعرات , 25 اپریل 2024

انقلاب اسلامی کے اہداف کی طرف گامزن رہنے میں ایرانی عوام کا اہم کردار:جنرل محمد علی جعفری

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ جنرل محمد علی جعفری نے انقلاب اسلامی کے اہداف کی طرف گامزن رہنے میں ایرانی عوام کے اہم کردارکی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی براہ راست اور وسیع پیمانے پر نقش آفرینی کے بغیر انقلاب اسلامی کے اہداف کی طرف بڑھنا ممکن نہیں ہے۔

جنرل جعفری نے مشہد مقدس میں اساتید کے دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کے بیشمار اور گرانقدر ثمرات ہیں جن کا حساب لگانے کے لئے کافی وقت کی ضرورت ہے ۔ ہمیں انقلاب اسلامی کے 40 سال مکمل ہونے پر گذشتہ 40 سال کا گہرا مطالعہ کرنا چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ ہم انقلاب کے آغاز میں کہاں تھے اور آج ہم کہاں پہنچ گئے ہیں اور مستقبل میں ہمیں کہاں پہنچنا ہے۔

جنرل جعفری نے دفاع مقدس کے دوران عوام کے بے نظیر نقش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام انقلاب کے اصلی وارث ہیں اور عوام ہی انقلاب اسلامی کو اس کے اعلی اہداف تک پہنچائیں گے۔انھوں نے کہہا کہ ہمیں انقلاب اسلامی کی حفاظت کے سلسلے میں انقلابی اور مخلص جوانوں کی تربیت کرنی چاہیے۔

جنرل جعفری نے کہا کہ دشمن نے آج ایران کے خلاف اقتصادی میدان میں جنگ چھیڑ رکھی ہے اور ہمیں اس میدان میں بھی دشمن کو شکست سے دوچار کرنا ہے۔ جنرل جعفری نے کہا کہ ہم انقلاب کے تیسرے مرحلے سے عبور کررہے ہیں ۔ پہلا مرحلہ کامیابی کا مرحلہ تھا، دوسرا مرحلہ اسلامی نظام کی تشکیل اور تثبیت کا مرحلہ تھا اور یہ تیسرا مرحلہ حکومتی اداروں کے اسلامی معیاروں کے مطابق ہونے کامرحلہ ہے۔

یہ بھی دیکھیں

فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے حالیہ جرائم پرمقدمہ چلایا جائے: ایران کا عالمی عدالت سے مطالبہ

تہران:ایران کے وزیر خارجہ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ صیہونی …