منگل , 23 اپریل 2024

چین : 30 برس سے زائد کی غیر شادی شدہ خواتین ورکرز کیلیے چھٹی کا اعلان

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)دو چینی کمپنیوں نے اپنی 30 سال اور اس سے زیادہ عمر کی غیر شادی شدہ خاتون ملازمین کو گھومنے پھرنے اور مرد دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے سال بھر میں 8 اضافی چھٹیاں دینے کا اعلان کیا ہے۔چین کی دو کمپنیوں ہانگجوسانگچینگ ٹورازم مینجمنٹ اور ہانگجو سانگچینگ پرفارمنس نے اپنی 30 سال سے زائد عمر کی خواتین ورکرز کو 8 دن کی چھٹی دی ہے۔ملازم خواتین کو ان چھٹیوں کو بڑھانے کا اختیار بھی ہو گا۔

رپورٹس کے مطابق چین میں اس وقت 20 کروڑ سے زیادہ غیر شادی شدہ خواتین پائی جاتی ہیں جن کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ نوجوان نسل شادی کرنا، خاندان بنانا اور بچے پیدا کرنا ہی نہیں چاہتی۔

چینی حکومت اس حوالے سے مختلف اقدامات کر رہی ہے تاہم اس کا خاطر خواہ نتیجہ سامنے نہیں آ رہا، بلکہ شادی نہ کرنے اور بچے پیدا نہ کرنے کی وجہ سے چین کی شرح پیدائش منفی میں جا چکی ہے، جس بناء پر چینی حکومت نے 2015 میں ایک بچہ ایک خاندان پالیسی بھی بدل دی تھی لیکن یہ اقدام بھی بے کار گیا اور شرح پیدائش ابھی تک منفی میں ہی ہے۔

چینی کمپنیوں کی جانب سے تیس برس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کے لیے نئی چھٹی کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ہانگجو میں ایک ہائی اسکول نے غیر شادی شدہ خواتین کو دو چھٹیاں دینے کا اعلان کیا تھا۔اسکول کا کہنا تھا کہ خواتین ملازمین چھٹی کریں اور اپنی پسند کا ساتھی تلاش کر کے اس کے ساتھ وقت گزاریں۔

چین ابھی تک مغربی طرز زندگی سے قدرے محفوظ رہا تھا تاہم سرکاری طور پر لامذہبیت کو فروغ دینے کے اقدامات کے بعد چینی معاشرہ بنیادی انسانی اخلاقیات کے معاملہ میں بحران کا شکار ہوتا نظر آرہا ہے۔ غیر شادی شدہ خواتین کو غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے کے لیے چھٹی دینا اس کی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

10 جملوں میں لکھے حروف کو کم وقت میں گننے کا ریکارڈ

اربد: ایک اردنی شخص نے اپنی ریاضی کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے …