منگل , 13 اپریل 2021

اسلامی ترقیاتی بینک بھی پاکستان کی مالی مدد کے لیے میدان میں آگیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بعد اسلامی ترقیاتی بینک بھی پاکستان کی مالی مدد کے لیے میدان میں آگیا ہے۔ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو تین سال کے لیے ادھار پر 4.5 ارب ڈالر کا تیل فراہم کرے گا۔ترجمان کے بقول اسلامی ترقیاتی بینک سے ہر سال ڈیڑھ ارب ڈالر کا تیل پاکستان کو ادھار پر ملے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو تیل کی فراہمی شروع بھی ہوگئی ہے، پہلے مرحلے میں 10 کروڑ ڈالر کا تیل فراہم ہو چکا ہے اور دوسرے مرحلے میں 27 کروڑ کا ادھار تیل ملے گا۔ترجمان نے انکشاف کیا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک سے ایل این جی بھی ادھار لینے پر بات چیت جاری ہے۔

وزارت خزانہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سعودی عرب سے ادھار تیل کے معاملات طے پاگئے ہیں، فروری کے وسط سے سعودی عرب سے ادھار پر تیل ملنا شروع ہوجائے گا، اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات سے بھی ادھار تیل پر بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی پاکستان کی مالی اور معاشی مدد کررہے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

حکومت نے تیل و گیس کی پیداوار کی ریئل ٹائم نگرانی شروع کردی

اسلام آباد: صوبوں کی جانب سے شفافیت کے مطالبات سامنے آنے کے بعد وفاقی حکومت …