بدھ , 24 اپریل 2024

ملک چھوڑنے والے سرمایہ کار واپس آرہے ہیں،وزیراعظم کا نمل کالج کے سالانہ تقریب اسناد سے خطاب

میانوالی (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کی وجہ سے سرمایہ کار ملک چھوڑ کر چلے گئے تھے ملک چھوڑنے والے سرمایہ کار واپس آرہے ہیں۔نمل کالج کے سالانہ تقریب اسناد سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت میرٹ کا نام ہے،جمہوریت احتساب اور جواب دہی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ایک آمر نے وزیراعلیٰ بنایا اور شہباز شریف بھائی کی وجہ سے وزیراعلیٰ پنجاب بنے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پنجاب کے بہترین وزیراعلیٰ ہوں گے کیونکہ ان کی زندگی کا مقصد پیسے بنانا نہیں ہے، ان میں عاجزی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ عثمان بزدار کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے وہ غریبوں کے مسائل سے آگاہ ہیں،وہ پنجاب میں بہترین ہسپتال بنائیں گے اور بینکوں سے قرض نہیں لیں گے۔وزیراعظم نے شعبہ لائیواسٹاک میں پاکستان 7ویں نمبر پر ہے، شعبہ لائیواسٹاک اور زراعت میں جدیدٹیکنالوجی متعارف نہیں کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں،وہ ملک جسے دودھ دنیا کو بیچنا چاہیے ہم یہاں پاکستان میں سوکھا دودھ درآمد کرتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ہم یہاں ایگری بزنس پروگرام کا آغاز کررہے ہیں،ماڈرن ایگری کلچر ٹیکنالوجی کے بانی بنیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پتہ نہیں کون سی تکنیک استعمال کرنی چاہیے، امریکا میں ایک گائے سے 26 لیٹر دودھ حاصل کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں ایک گائے سے 6 لیٹر دودھ ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ قوم آگے نکل جاتی ہے جو تحقیق کرتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اب تو یہ بھی علم ہے کہ ایک کھیت میں کتنا پانی اور کتنی کھاد چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اتنے دور دراز علاقے میں یونیورسٹی قائم کرنا مشکل ہوتا ہے، کامیاب طلبا اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔عمران خان نے طلبا کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ چیلنجز کو قبول کریں اور ہارنے سے نہیں ڈریں،ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں چیلنج کا ہونا ضروری ہے ورنہ انسان بوڑھا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نمل یونیورسٹی ایک پلیٹ فارم ہے لیکن پیسے کو زندگی کا مقصد نہیں بنائیں، انہوں نے مزید کہا کہ پیسے بنانے والوں کو میں نے کبھی خوش نہیں دیکھا کیونکہ آپ سے امیر کوئی دوسرا ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال جانتے تھے کہ مغرب کی طاقت کیا ہے اور ہماری طاقت کیا ہے،اپنی ثقافت کو نہیں بھولیں۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اپنے آبائی شہر میانوالی پہنچے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور نمل کالج کی انتظامیہ نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم چھٹی کا روز اپنے آبائی شہر میں گزاریں گے اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔عمران خان نمل کالج میں آرٹ اور بزنس بلاک کا افتتاح بھی کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں این اے 95 میانوالی، این اے 131 لاہور ، این اے 243 کراچی ، این اے 53 اسلام آباد اور این اے 34 بنوں سے انتخابی میدان میں اترے تھے اور تمام حلقوں میں فتح یاب ہوئے تھے۔تاہم عمران خان نے این اے 95 میانوالی کی نشست برقرار رکھتے ہوئے مذکورہ تمام نشستیں چھوڑ دیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …