جمعہ , 19 اپریل 2024

سیاسی معاملات سیاسی فورمز پر ہی حل ہونے چاہئیں،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی کیس عدالت میں کیوں لے آتے ہیں،متعلقہ فورم الیکشن کمیشن ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق صدر آصف زرداری کی نااہلی کی درخواست پر سماعت کی گئی، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی،انہوں نے درخواستگزار کے وکیل سےپوچھا کہ سیاسی کیس عدالت میں کیوں لے آتے ہیں، آپ پہلے بھی ایک سیاسی کیس لے آئے تھے، رجسٹرار آفس کا اعتراض درست ہے، متعلقہ فورم الیکشن کمیشن ہے وہاں جائیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ درخواست گزار تحقیقات کے لیے انوسٹی گیشن ایجنسیز سے رابطہ کر سکتا ہے، یہ پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کا وقت ہے، پارلیمنٹ کو اس حوالے سے خصوصی کمیٹی بنانے دیں، یہ سیاسی معاملات ہیں، سیاسی فورمز پر ہی حل ہونے چاہئیں۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اس درخواست کو کسی صورت ترجیح نہیں دی جا سکتی، ہمارے پاس اور بہت کیسز ہیں، آپ اپنے موکل کو بتائیں کہ وہ متعلقہ فورم سے رجوع کریں، عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیے، آئندہ سماعت پر عدالت کو مطمئن کریں کہ کس طرح پبلک انٹرسٹ کا کیس ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ ہائیکورٹ نے میری درخواست سماعت کیلئے مقرر کی، جب اس درخواست کا فیصلہ آئے گا تو اس فیصلے کو بھی تاریخ میں لکھا جائے گا ،زرداری صاحب نے لندن میں اپنے فلیٹس کو چھپایا، دو بلٹ پروف گاڑیاں بھی اپنے اثاثوں میں ظاہر نہیں کی ہیں، مراد علی شاہ کو پاکستان تو ڈوبتا نظر آرہا ہے سندھ ڈوبتا نظر نہیں آ رہا ،مراد علی شاہ صاحب آپ زرداری صاحب سے پوچھیں کے یہ اثاثے کہاں سےہیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …