ہفتہ , 20 اپریل 2024

پنجاب میں پانچ لاکھ افراد کو ہنرمند بنانے کا منصوبہ تیار

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے چھوٹی صنعتوں کو فروغ دیتے ہوئے کاروباری افراد اور اداروں کو دوستانہ ماحول فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے پانچ لاکھ افراد کو ہنرمند بنانا ممکن ہوگا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون برائے اوقاف و مذہبی امور سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت بیمار اور بند صنعتوں کو چالو کرنے اور انہیں نئی زندگی فراہم کرنے کے لئے کاروباری طبقہ کو دوستانہ ماحول فراہم کررہی ہے اس سلسلے میں حکومت اور صنعتکاروں کے روابط کو مزید مستحکم بنایا جارہا ہے تاکہ انہیں درپیش مسائل کی فوری تلافی کرکے صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری وصنعت کاری کے فروغ کے لئے ہمہ جہت نوعیت کی پالیسیز متعارف کروا رہی ہے۔سید رفاقت گیلانی نے کہا کہ ہم صنعت کاری وسرمایہ کاری کے لئے وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق حکومتی مراعات کی فراہمی کے لئے ون ونڈو آپریشن متعارف کروا رہے ہیں، تاکہ ایک ہی چھت تلے صنعت کاری کے تمام محکمانہ امور سرانجام دئیے جاسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت چھوٹے کاروبار کے لئے پانچ سال کے دوران 6 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کرے گی اور بے روگار ہنر مندوں کو نئے کاروبار کے لیے 80 فیصد رقم حکومت پنجاب فراہم کرے گی۔سید رفاقت حسین کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں خواتین کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کے لئے زیادہ مراعات دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا اوردیگر ٹیکنیکل اداروں میں پانچ لاکھ افراد کو ہنرمند بنایا جائے گا جبکہ لاہور میں موجود ٹیکنکل یونیورسٹی کو اپ گریڈ کرنے کے علاوہ منڈی بہاؤ الدین، ڈیرہ غازی خان اور راولپنڈی میں ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نئے انڈسٹریل زونز کے قیام کے علاوہ موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں درکار وسائل وضروریات کو یقینی بنائیں گے جبکہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے ساتھ لیبر کالونیز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا جو نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا حصہ ہونگی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے منی بجٹ میں سرمایہ کاروں کو خاطر خواہ ریلیف دیا ہے۔

ای بزنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ہم ای بزنس کے طریقہ کارکو فروغ دینے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ میں 70 ایکڑ اراضی پر سٹیٹ آف دی آرٹ ایکسپو سنٹر کے قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ اسی طرح کے ایکسپو سنٹر سیالکوٹ اورملتان میں بھی قائم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو فروغ ملے گا تو معاشی ترقی ہو گی توروزگارکے مواقع از خود پیدا ہونگے اور ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …