پیر , 12 اپریل 2021

ترکی :سزا کے بعد امریکی سفارت خانے کا ملازم بری کر دیا گیا

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)ترک عدالت نے امریکی سفارتخانے کے ملازم پر دہشت گرد تنظیم سے تعلق اور اس کی معاونت کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کرنے کے بعد رہائی کا حکم جاری کردیا۔سرکاری میڈیا کے مطابق اڈانہ میں امریکی سفارتخانے میں ترجمان کی حیثیت سے کام کرنے والے حمزہ الوسے کو ساڑھے 4 سال کی قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم انہیں قید کی مدت مکمل ہونے پر رہا کردیا گیا۔حمزہ الوسے کو دیگر 2 امریکی سفارتخانے کے ملازمین اور ناسا کے سابق ترک نژاد امریکی سائنسدان کے ہمراہ 2017 میں دہشت گردی کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔

واشنگٹن کی جانب سے ان تمام افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔اپنے ٹرائل میں حمزہ الوسے نے عدالت سے بری کرنے کی استدعا کی تھی تاہم ان کی درخواست مسترد کردی گئی تھی اور انہیں سزا سنائے جانے کے بعد سفری پابندی عائد کرکے رہا کردیا گیا۔گزشتہ سال انقرہ اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات امریکی جاسوس اینڈریو برنسن کو دہشت گردی کے دفعات میں 2 سال حراست میں لینے اور ٹرائل کرنے پر تنازعات کا شکار ہوگئے تھے۔

اینڈریو برنسن، جنہوں نے خود پر لگنے والے الزامات کو مسترد کیا تھا، کو 12 اکتوبر 2018 کو رہا کردیا گیا تھا۔نیٹو کے اتحادی ممالک میں اینڈریو برنسن کی رہائی کے بعد کشیدگی میں کمی آئی ہے۔تاہم انقرہ کی جانب سے امریکا سے مسلسل فتح اللہ گولن کی حوالگی کا مطالبہ کیا جارہا ہے جن پر 2016 میں ناکام بغاوت کرنے کا الزام عائد ہے جبکہ فتح اللہ گولن نے خود پر لگنے والے الزامات کو مسترد کیا ہے۔

فوجی پائلٹوں کے وارنٹ گرفتاری جاری
دوسری جانب ترک حکام نے 63 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں جن میں سے زیادہ تر فوجی پائلٹ ہیں۔انقرہ کے چیف پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ان تمام افراد پر 2016 میں ناکام بغاوت کرنے کے الزامات عائد ہے۔

یہ پیش رفت استغاثہ کی جانب سے کی جانے والی ان تحقیقات کا حصہ ہیں جس کو حکام نے ’فتح اللہ ٹیرر آرگنائزیشن‘ (فیٹو) کا نام دے رکھا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ 63 میں سے 46 ملزمان فوجی ڈیوٹی پر مامور ہیلی کاپٹر کے پائلٹ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2 ملزمان سابق پائلٹ اور دیگر 15 ملزمان شہری ہیں، جو اس تحریک کے لیے کام کر رہے تھے۔ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

یمنی عوام کا مظاہرہ اور سعودی اتحاد کی بمباری

جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے کل رات یمن کے مختلف علاقوں منجملہ صوبہ …