ہفتہ , 20 اپریل 2024

ہیلتھ کارڈ سکیم : 9 کروڑ پاکستانی مفت علاج کرا سکیں گے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار غربت ختم کرنے کیلئے پروگرام لارہے ہیں، تمام خیراتی اداروں کو ایک چھتری تلے جمع کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ہیلتھ کارڈ اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور قبائلی علاقہ جات میں اس کا اجرا کیا جا رہا ہے۔ فاٹا کے تمام قبائلی خاندانوں کو یہ کارڈ دیے جائیں گے جبکہ ایک ماہ کے اندر اندر پنجاب میں ایک کروڑ خاندانوں کو یہ کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 8 لاکھ غریبوں کا مفت علاج ہوگا جبکہ مجموعی طور پر 9 کروڑ پاکستانی علاج معالجے کی سہولیات سے مستفید ہوں گے۔ ہیلتھ کارڈ کا اجرا خوش آئند ہے۔ خیبر پختونخوا میں ہم نے ہیلتھ کارڈ فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا اجرا خوش آئند ہے۔ اگر کوئی بیمار ہو تو گھر کا سارا بجٹ متاثر ہو جاتا ہے، علاج کی وجہ سے بہت سے لوگ غربت میں چلے جاتے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ ہماری تمام پالیسیاں غریبوں کیلئے ہوں گی۔ ہیلتھ کارڈ سے ہر خاندان 7 لاکھ 20 ہزار تک مفت علاج کرا سکتا ہے۔ ہیلتھ کارڈ سے غربت کم ہونے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹ اور ایکسپورٹ میں کمی سے روپے کی قدر 35 فیصد گر گئی، جب روپیہ 35 فیصد گرا تو مہنگائی تو آنی ہی تھی۔ عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مگر یہ مشکلات تھوڑے وقت کے لئے ہے، بہت جلد اچھا وقت آنے والا ہے اور ملک میں سرمایہ کا ر بھی آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں کیونکہ ہم مشکلات میں گھرے طبقوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ میرا خواب پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …