جمعرات , 18 اپریل 2024

سرفراز احمدمیں ٹیم قیادت کی صلاحیت موجود ہے، 2019 تک کپتان برقرار

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پی سی بی نے سرفراز احمد کو آسٹریلیا سیریز اور ورلڈکپ تک کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے وکٹ کیپر بلے باز کا تمام فارمیٹس میں ریکارڈ شاندار ہے۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے پاکستان کرکٹ کیلئے سرفراز احمد نے بہت کام کیا، ان میں ٹیم کی قیادت کی صلاحیت موجود ہے، آسٹریلیا سیریز اور ورلڈکپ کیلئے سرفراز احمد ہی کپتان ہوں گے۔ انہوں نے کہا سرفراز احمد کا تمام فارمیٹس میں بہت اچھا ریکارڈ ہے، سلیکٹرز، کوچ، کھلاڑی اور بورڈ سب سرفراز کے ساتھ ہیں، انہوں نے کئی مشکل میچز میں بہت اچھی کپتانی کی، ہر سیریز کے بعد کھلاڑیوں، کوچ اور ٹیم مینجمنٹ کی کارکردگی دیکھتے ہیں۔

یاد رہے آئی سی سی نے ورلڈکپ 2019 کا شیڈل جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 30 مئی کو انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا، پاکستان پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔پاکستان کا 3 جون کو انگلینڈ، 7 جون کو سری لنکا سے مقابلہ ہوگا، قومی ٹیم 12 جون کو آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیلے گی جبکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 16 جون کو مانچسٹر میں ٹکرائیں گی۔

پاکستان کا 23 جون کو جنوبی افریقہ، 26 جون کو نیوزی لینڈ کیخلاف میچ ہوگا، قومی ٹیم 29 جون کو افغانستان، 5 جولائی کو بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گی۔ پہلا سیمی فائنل 9 جولائی اور دوسرا 11 جولائی کو کھیلا جائے گا، 14 جولائی کو لارڈز عالمی کپ فائنل کی میزبانی کرے گا۔

واضح رہے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی نے آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کو دوبارہ 1992ء طرز پر منعقد کرانے کی منظوری دی، میگا ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں آپس میں میچز کھیلیں گی، جن میں سے 4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …