جمعہ , 19 اپریل 2024

آمدن سے زائد اثاثے: سینئرصوبائی وزیر علیم خان گرفتار

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کو گرفتار کرلیا۔نیب ذرائع کے مطابق آمدن سے زائد اثاثوں اور آف شور کمپنی سے متعلق تحقیقات میں نیب کے طلب کرنے پر علیم خان آج ایک مرتبہ پھر نیب لاہور کے آفس میں پیش ہوئے تھے۔

نیب آفس میں پیشی کے موقع پر ان سے مختلف سوالات کیے گئے جبکہ 2 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی تحقیقات میں وہ نیب حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد انہیں مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا تھا۔نیب ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ علیم خان کی گرفتاری سے متعلق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو بھی آگاہ کردیا گیا تھا جس کے بعد ان کی باقاعدہ گرفتاری عمل میں آئی۔

ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے صوبائی وزیر کو کل لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔دوسری جانب پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کو تحویل میں لینے کی تصدیق کردی۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو نے علیم خان کو مزید تفیش کے لیے تحویل میں لیا ہے تاہم ابھی ان کی گرفتاری واضح نہیں ہوئی۔

https://www.facebook.com/iblagh.net/videos/2276055102609932/

خیال رہے کہ آمدن سے زائد اثاثے، پاناما پیپز میں آف شور کمپنی کے ظاہر ہونے اور ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق عبدالعلیم خان کے خلاف نیب تحقیقات کررہا تھا اور وہ 3 مرتبہ پہلے بھی نیب کے سامنے پیش ہوچکے تھے۔

اس سے قبل نیب کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اور اسٹیٹ بینک کے ڈائریکٹر جنرل فنانشل اینڈ مانیٹرنگ یونٹ سے تحریک انصاف کے رہنما کے ٹیکس ریٹرنس، ترسیلات زر اور بینک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا تھا۔

اپنے خلاف تحقیقات پرعبدالعلیم خان نے کہا تھا کہ وہ تمام دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ اس معاملے کا دفاع کریں گے اور انہوں نے اپنے وکیل اور اکاؤنٹنٹ کو نیب کے تحقیقی افسران کے سامنے تمام مطلوب ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …