منگل , 23 اپریل 2024

لبنان: عرب دنیا کی پہلی خاتون وزیر داخلہ

بیروت(مانیٹرنگ ڈیسک) لبنان کی نئی وزیر داخلہ نے اپنا عہدہ سنبھال لیا جس کے بعد وہ طاقتور سیکیورٹی ایجنسیز کی سربراہ کا عہدہ سنبھالنے والی نہ صرف لبنان کی بلکہ عرب دنیا کی پہلی خاتون بن گئیں۔ذرائع کے مطابق ریا الحسن نے اس چیلنج کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی وزیراعظم سعد حریری نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے ’یہ انتہائی اہم ذمہ داری‘ انہیں سونپی۔

5 سال تک اس منصب پر فائز رہنے والے گزشتہ وزیرداخلہ سے عہدہ لینے کے لیے منعقدہ تقریب میں ان کا کہنا تھا کہ پہلی خاتون وزیر داخلہ کی حیثیت سے مجھے یہ ثابت کرنا ہے کہ ایک خاتون ایسے اہم عہدے کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ریا الحسن نے جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور وہ لبنان کی حکمران جماعت فیوچر موومنٹ پارٹی (تیار الامستقبل) کی رکن اور 30 رکنی کابینہ میں شامل 4 خواتین میں سے ایک ہیں، یہ پہلا موقع ہے کہ لبنانی کابینہ میں اتنی تعداد میں خواتین شامل کی گئیں ہیں۔

2009 میں لبنان کے ساتھ عرب دنیا کی پہلی وزیر خزانہ بن کر وہ اس سے قبل بھی خبروں کی زینت بن چکی تھیں، وہ 2 سال تک اس عہدے پر فائز رہیں اور ساحلی شہر تریپولی کی ترقی کے لیے بنائی جانے والی سب سے بڑی سرکاری و نجی شراکت داری کی سربراہی بھی کی۔

بحیثیت وزیر داخلہ وہ مختلف سیکورٹی ایجنسیز کی انچارج ہوں گی، اور ملک کی صورتحال مستحکم رکھنے کی ذمہ دار ہوں گی جو شام میں جاری جنگ اور عسکری گروہوں کی وجہ سے کافی متاثر ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ لبنان میں سیاست میں خواتین کی نمائندگی بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں، گزشتہ برس ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں، 9 سال کے عرصے میں پہلی مرتبہ پارلیمنٹ کی 128 نشستوں میں سے 6 پر خواتین نے کامیابی حاصل کی جو گزشتہ ایوان کے مقابلے 4 نشستیں زائد ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کی جماعت نے فيوليت خيرالله الصفدي نامی خاتون کو بھی وزیر مملکت کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا اور انہوں نے اپنی وزارت کا نام وزارت امورِ خواتین سے تبدیل کر کے وزارت برائے ’بااختیار خواتین و نوجوان‘ کرنے کی کامیاب مہم چلائی، مذکورہ عہدہ اس پہلے ایک مرد وزیر کے پاس تھا۔

اسی طرح کرسچیئن لیبنیز فورسز گروپ نامی جماعت کی جانب سے بھی ایک خاتون ’می شدیاق‘ کو، جن پر 2005 میں ہونے والے ایک قاتلانہ حملے میں ایک بازو اور ایک ہاتھ ضائع ہوگیا تھا، کو وزیر مملکت برائے انتظامی ترقی کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …