جمعرات , 18 اپریل 2024

تھائی لینڈکی شہزادی ملک کی وزیرِ اعظم بننے کی امیدوار

بنکاک (مانیٹرنگ ڈیسک) تھائی لینڈ کے بادشاہ کی سب سے بڑی بہن بھی ملک کے آئندہ وزیرِ اعظم کے لیے انتخابی دوڑ میں شامل ہو گئی ہیں۔ روایتی طور پر تھائی لینڈ کا شاہی خاندان سیاست سے باہر ہی رہا ہے اس لیے یہ ایک غیر متوقع عمل ہے۔تھائی لینڈ میں انتخابات 24 مارچ کو ہونے ہیں۔ رجسٹریشن کاغذات کے مطابق 67 سالہ شہزادی ابولرتانا ماہیڈول تھائی رسکا چارٹ پارٹی کی جانب سے امیدوار ہوں گی۔یہ وہی جماعت ہے جسے سابق وزیر اعظم تھاکسن شناواترے کے قریب سمجھا جاتا ہے۔

رسکا چارٹ پارٹی کے رہنما پریچپول پونگپانیچ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’پارٹی نے شہزادی ابولرتانا کے نام پر اتفاق کیا ہے جو کہ تعلیم یافتہ اور ماہر شخصیت ہیں اور وزیرِ اعظم کے عہدے کے لیے موزوں بھی۔‘

بولرتانا ماہیڈول کون ہیں؟
تھائی لینڈ کی سیاست میں حالیہ برسوں میں کئی انوکھے واقعات پیش آئے ہیں لیکن شہزادی بولرتانا کا وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار بننا یقیناً ان میں سب سے عجیب سمجھا جا رہا ہے۔شہزادیبولرتانا ماہیڈول سنہ 1951 میں پیدا ہوئیں اور وہ شاہی خاندان کی سب سے بڑے اولاد ہیں۔سنہ 1972 میں ایک امریکی سے شادی کرنے کے بعد انھوں نے اپنا شاہی لقب چھوڑ دیا اور امریکہ منتقل ہو گئی تھیں۔طلاق کے بعد وہ واپس تھائی لینڈ لوٹ آئیں اور پھر سے شاہی زندگی میں شرکت کرنا شروع کر دی۔

انھیں تھائی شاہی خاندان کی سب سے رنگین شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ سوشل میڈیا کی سرگرمیوں میں پھرپور شرکت کرتی ہیں اور کئی تھائی فلموں میں اداکاری بھی کر چکی ہیں۔ان کے تین بچے ہیں جن میں سے ایک سنہ 2004 کی سونامی میں ہلاک ہو گیا جبکہ دو حیات ہیں اور امریکہ میں مقیم ہیں۔

ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ شاہی خاندان میں وہ سب سے زیادہ عوامی رویہ رکھتی ہیں اور ان سے رابطہ رکھنا سب سے آسان ہے۔ان کے اپنے بھائی اور ملک کے بادشاہ سے تعلقات کی نوعیت عام نہیں ہے اور یہ بھی واضح نہیں کہ ان کے سیاست میں آنے کے فیصلے پر بادشاہ کا کیا ردعمل ہے۔

اس پیش رفت سے ملک میں سیاسی امیدواروں کے مستقبل کے حوالے سے سوالات پیدا ہوئے ہیں اور چہ مگوئیاں کی جا رہیں ہیں کہ کیا کوئی بھی شاہی خاندان کے مقابلے میں انتخاب نہیں لڑے گا۔

ملک کے موجودہ وزیرِ اعظم پرایوتھ چان اوچا نے بھی جمعے کو اعلان کیا کہ وہ بھی آئندہ انتخابات میں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے امیدوار ہوں گے۔ اس کے علاوہ سنہ 2014 میں فوجی بغاوت کر کے اقتدار پر قبضے کرنے والے فوجی سربراہ بھی فوج کی حمایت یافتہ پالانگ پراچارت پارٹی کی جانب سے وزیرِ اعظم کے عہدے کے لیے امیدوار ہیں۔اس کا مطلب یہ ہے کہ انتخابات میں شہزادی ماہیڈول کو کچھ نہ کچھ مقابلے کا سامنا تو کرنا پڑے گا۔

خیال رہے کہ تھائی لینڈ میں فوج کی جانب سے سیاسی معاملات میں مداخلت کی ایک طویل تاریخ ہے جس نے 1932 میں پہلے آئین کے نفاذ کے بعد سے 12 مرتبہ اقتدار پر قبضہ کیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بائیڈن کے حماس سے اپنی شکست تسلیم کرنے کے چار اہم نتائج

ایک علاقائی اخبار نے الاقصیٰ طوفان آپریشن کو مختلف جہتوں سے حماس کے خلاف امریکہ …