اتوار , 19 مئی 2019

کینیڈا: مسجد پر حملے میں ملوث شخص کو 40 سال قید کی سزا

کیوبیک(مانیٹرنگ ڈیسک)کینیڈا کی عدالت نے 2017 میں مسجد پر حملہ کرکے 6 مسلمانوں کو قتل کرنے والے فرانسیسی نژاد کینیڈین شہری کو 40 سال قید کی سزا سنا دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق کیوبیک کی اعلیٰ عدالت کے جج جسٹس فریکوئین ہاؤٹ نے سزا سناتے ہوئے الیکشنڈر بسسنٹٹ کے حملے کو ناپسندیدہ قرار دیا۔29 سالہ الیکشنڈر بسسنٹٹ پر گزشتہ سال مارچ میں قتل اور اقدام قتل کے تحت 6 الزامات لگائے گئے تھے۔

خیال رہے کہ جنوری 2017 کو اسلامک کلچرل سینٹر میں فائرنگ کی گئی تھی اور اس وقت وہاں 50 سے زائد افراد نماز کی ادائیگی میں مصروف تھے۔مجرم قرار دیئے جانے پر الیکشنڈر بسسنٹٹ نے افسوس اور ندامت کا اظہار کیا تھا لیکن ساتھ ہی مطالبہ کیا تھا کہ اسے واقع پر وضاحت پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔

عدالت میں دیئے گئے ملزم کے بیان میں بتایا گیا کہ وہ ‘نہ تو دہشت گرد ہے اور نہ ہی وہ اسلامو فوبیا کا شکار ہے’، لیکن وہ ‘کسی قسم کے خوف، منفی خیالات اور نا اُمیدی کے حوالے سے انتہائی برے قسم کے اثرات کا شکار تھا’۔دوسری جانب پولیس کی تفتیش کے مطابق الیکشنڈر بسسنٹٹ نے تحقیقات کرنے والوں کو بتایا تھا کہ جس وقت ملزم نے حملہ کیا اس کا مقصد اپنے اہل خانہ کو دہشت گردوں سے بچانا تھا۔

ملزم نے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت مکمل طور پر ‘آپے سے باہر’ ہوگیا جب اس نے سنا کہ کینیڈا کی حکومت مزید مہاجرین کو ملک میں بسانے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔یاد رہے کہ 29 جنوری 2017 کو مسجد میں الیکشنڈر بسسنٹٹ کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جن کی عمریں 39 سے 60 سال کے درمیان تھیں۔

یہ بھی دیکھیں

12 رمضان المبارک حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر انجیل نازل ہونے کا دن

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی ہدایت و رہنمائی کے لیے جو 4 آسمانی …