ہفتہ , 20 اپریل 2019

ترکی کا چین سے مسلمانوں کے لیے بنائے گئے حراستی کیمپ بند کرنے کا مطالبہ

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)ترکی نے چین کی جانب سے اقلیتی مسلم برادری یوغور سے روا رکھے جانے والے سلوک کو انسانیت کے لیے شرم ناک قرار دیتے ہوئے یوغور مسلمانوں کے لیے بنائے گئے حراستی کیمپ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ترک وزارت خارجہ کے ترجمان حامی اکسوی نے کہا کہ یہ بات اب کوئی راز نہیں کہ چین نے حراستی مرکز میں 10 لاکھ سے زائد یوغور مسلمانوں کو قید کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی چین میں یوغور مسلم آبادی کو دباؤ کا سامنا ہے اور اس نے اپنے تحفظات سے چین کو ہر سطح پر آگاہ کردیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں یوغور کے مشہور موسیقار اور شاعر عبدالرحیم حیات کی قید میں موت کا علم ہوا، جنہیں اپنے ایک گانے کی وجہ سے 8 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ حامی اکسوی نے کہا کہ اس سانحے سے سنکیانگ کے خطے ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حوالے سے ترک عوام کے خدشات کو مزید تقویت ملتی ہے۔

سنکیانگ میں 2009 میں ہونے والے خونی فسادات کے بعد چین نے وہاں کی مسلم برادی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا تھا اور انہیں حکومت کے حراستی کیمپوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی نسلی تعصب کے خاتمے کے لیے قائم کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ 10 لاکھ سے زائد یوغور اور دوسری مسلم اقلیتوں کے افراد چین کے صوبے سنکیانگ میں جنگی قیدیوں کے کیمپوں میں قید ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

ایران کا سی آئی اے سے منسلک گروہوں کو گرفتار کرنے کا اعلان

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلیجنس نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ …