جمعرات , 25 اپریل 2024

دنیا بھر میں رشوت کی مالیت یا لاگت 15 سے 20 کھرب ڈالرز کے درمیان ہے : سربراہ آئی ایم ایف

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لیگارڈنے کہا ہے کہ کرپشن میکرومعیشت پر اثر انداز ہوتی ہے اور یہ شرح نمو کے لیے مسئلہ نہیں بلکہ یہ اعتماد کے لیے بھی مسئلہ ہے ۔ دبئی میں جاری عالمی حکومت کانفرنس میں شرکت کے موقع پر العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ آئی ایم ایف نے چھ ماہ قبل عالمی معیشت کو درپیش مسائل اور اس کے کم زو ر پہلوؤں کا جائزہ لیا اور ان کی شناخت کی تھی۔اس سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ اگر زیادہ بدعنوانی ہوگی تو پھر اعتماد کا فقدان ہوگا ،کم آمدن پیدا ہوگی اور نوجوان لوگ اپنے ممالک کو چلانے والے اداروں پر کم اعتماد کریں گے ‘‘۔ لیگارڈکے تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں رشوت کی مالیت یا لاگت 15 سے 20 کھرب ڈالرز کے درمیان ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے تیل برآمد کرنے والے ممالک کی سالانہ شرح نمو میں ایک فی صد کمی کردی ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ تیل کی قیمتوں میں گزشتہ سال اکتوبر میں کمی ہوئی ۔ 2014ء سے تیل کی قیمتوں میں عدم استحکام پایا جارہا ہے ۔ عالمی معیشت کو درپیش خطرات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی کشیدگی پائی جارہی ہے اور اس ضمن میں ان دونوں ممالک کے درمیان اب تک ہونے والی بات چیت کامیا ب نہیں ہوسکی ۔ان کے پاس وقت کم ہے لیکن وہ جن مسائل کو طے کرنے کی کوشش کررہے ہیں، وہ پہاڑ کی صورت میں کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اب تک بریگزٹ کا نتیجہ بھی غیر یقینی کیفیت سے دوچار ہے ۔اس سے بھی خطے کی شرح نمو کم ہوگی۔

یہ بھی دیکھیں

بائیڈن کے حماس سے اپنی شکست تسلیم کرنے کے چار اہم نتائج

ایک علاقائی اخبار نے الاقصیٰ طوفان آپریشن کو مختلف جہتوں سے حماس کے خلاف امریکہ …