اتوار , 17 فروری 2019

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس کی سماعت تاریخ عالمی عدالت میں مقرر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس کی سماعت لے لیے 18 سے 21 فروری تک کی تاریخیں مقرر کردی ہیں۔عالمی عدالت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 18 فروری کو بھارت اور 19 فروری کو پاکستان کے وکلا دلائل دیں گے، دوسرے مرحلے میں 20 فروری کو بھارت اور 21 فروری کو پاکستانی وکلا جوابی دلائل دیں گے۔بھارتی وکیل کو 18 فروری کی صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک وقت دیا گیا ہے جبکہ 19 فروری کو انہی اوقات میں پاکستانی وکلاء عالمی عدالت کے ججز کے سامنے اپنے دلائل پیش کریں گے۔

یاد رہے کہ 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیے گئے کلبھوشن یادیو نے بھارتی حاضر نیوی افسر اور جاسوس ہونے سمیت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کا اعتراف کیا تھا جس پر اُسے 10 اپریل 2017 کو پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔

بھارتی جاسوس کو سزائے موت کی سزا سُنائے جانے کے بعد بھارت نے عالمی عدالت برائے انصاف سے رجوع کرتے ہوئے اپنے جاسوس کی رہائی کے لیے سماعت کی درخواست دائر کی تھی جسے منظور کرلیا گیا تھا۔بھارتی جاسوس کی ایک سے زائد ویڈیو اعترافی بیانات جاری ہو چکے ہیں، بھارتی میڈیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ کلبھوشن بھارتی جاسوس ہے۔اس ضمن میں ایک بھارتی میگزین نے انکشاف کیا تھا کہ بھارت پاکستان سے خفیہ جنگ میں مصروف ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عالمی عدالت میں ایران کو امریکہ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کو عالمی عدالت انصاف میں ایران کے خلاف پہلی شکست کا سامنا ...