بدھ , 24 اپریل 2024

نیب نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کو اگلے ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کو اگلے ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق نیب نے ملک ریاض کے گرد مزید گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ نیب نے ملک ریاض کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ملک ریاض کو اگلے ہفتے طلب کا نوٹس جلد جاری کر دیا جائے گا۔

نیب ذرائع کے مطابق ملک ریاض سے نہ صرف جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق تفتیش کی جائے گی بلکہ بحریہ ٹاؤن کی جانب سے کروڑوں روپے کی ادائیگی سے متعلق بھی تفتیش کی جائے گی۔نیب کی جانب سے ملک ریاض کو بیان ریکارڈ کرانے کے علاوہ ایک سوالنامہ بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیب راولپنڈی بیورو نے ملک ریاض کو ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) ویلی کیس میں بھی طلب کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے اور اس پر بھی جلد ملک ریاض کو نیب کی جانب سے طلبی کا نوٹس جاری کر دیا جائے گا۔

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کیس میں بھی نیب کے تفتیشی افسران ملک ریاض کا بیان ریکارڈ کریں گے جب کہ ملک ریاض کو کیس سے متعلق سوالنامہ بھی دیا جائے گا۔رواں سال 4 فروری کو بھی ملک ریاض تخت پڑی کیس کی تحقیقات کے لیے نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے تھے۔

جس میں نیب کے تفتیشی افسران نے ملک ریاض سے کیس سے متعلق پوچھ گچھ کی اور ملک ریاض کا بیان ریکارڈ کیا تھا۔ نیب نے ملک ریاض کے پاس موجود دستاویزی ثبوت قبضے میں لیتے ہوئے ان سے مزید سوالوں کے جوابات بھی طلب کیے تھے.عدالت عظمیٰ نے اپنے ایک فیصلے میں فاریسٹ ریونیو اور سروے آف پاکستان کو حکم صادر کیا تھا کہ وہ اسلام آباد کے قریب تخت پڑی میں جنگلات کی زمین کی از سر نو حد بندی کریں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …