جمعرات , 23 مئی 2019

حکومت کا ‘کامیاب جوان’ پروگرام فوری شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اہم اجلاس میں شرکت کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ‘کامیاب جوان’ پروگرام کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے سے 10 لاکھ نوجوانوں کو با اختیار بنانے میں مدد ملے گی۔

اس پروگرام کے لیے اسٹیٹ بینک کی معاونت سے مائیکرو اینڈ سمال فنانسنگ کی حکمت عملی بھی طے کر لی گئی جبکہ وزیراعظم کی منظوری ملتے ہی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ نوجوان تیار رہیں حکومت زبردست پیکج لا رہی ہے جبکہ حکومت نوجوانوں کو کامیاب دیکھنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کی فراہمی کا مرحلہ فوری شروع ہو رہا ہے جبکہ وزیراعظم سے مشاورت جاری ہے اور مزید منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔وزیراعظم کے خصوصی مشیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔عثمان ڈار نے بتایا کہ دیگر اداروں سے رابطے میں ہوں، نوجوانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔

اس سے قبل 18 جنوری 2019 کو اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان نے نوجوانوں سے متعلق اہم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نوجوانوں سے متعلق قومی سروے کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

وزیر اعظم سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے …