ہفتہ , 20 اپریل 2024

دہشت گردی خطے کا سب سے بڑا مسلہ ہے، ڈاکٹر حسن روحانی

ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک)صدر ایران نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے تمام ملکوں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ روس کے شہر سوچی میں اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان سے بات چیت میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تمام ملکوں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی مشرق وسطی کے علاقے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ دہشت گردی نے اس علاقے میں برسوں سے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور بیرونی قوتیں، خاص طور سے امریکہ دہشت گردوں کی حمایت کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران، روس اور ترکی، سوچی اجلاس کے ذریعے خطے میں استحکام پیدا کرنے اور شام میں دہشت گردی کے خاتمے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ بعض ممالک، جو خود دہشت گردی کے حامی وارسا میں جمع ہو کر خطے کی سلامتی اور استحکام کے خلاف سازشیں تیار کرنے میں مصروف ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور ترکی کے تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں اور سمجھوتوں پر تیزی کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے گا۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے اس موقع پر بدھ کی رات ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ترکی اور ایران کے درمیان تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

دہشت گردوں کو کہیں امان نہ دی جائے، صدر ایران کا سوچی اجلاس سے خطاب
ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک)صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو صرف شام ہی نہیں، دنیا میں کہیں بھی امان نہیں ملنا چاہیے۔روس کے شہر سوچی میں سہ فریقی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے شام میں دہشت گردوں کی مکمل بیخ کنی تک جنگ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر ایران نے بیرونی مداخلت کے بغیر شامی دھڑوں کے درمیان ملک میں امن کے قیام کے لیے مذاکرات جاری رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کا پورا پورا احترام کریں۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کہ وہ شامی عوام کو امداد پہنچانے اور بے گھر ہونے والوں کی باز آباد کاری اور تعمیر نو کے عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔ صدر ایران نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی کہ شامی حکومت کی اجازت کے بغیر امریکہ سمیت آنے والے تمام غیر ملکی فوجیوں کو، شام سے واپس چلے جانا چاہیے۔

انہوں نے شام پر اسرائیل کے خود سرانہ حملوں کو عالمی امن و سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل کو لگام دینے کا مطالبہ کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے سوچی اجلاس سے قبل روس کے صدر ولادی میر پوتین کے ساتھ ملاقات اور تہران ماسکو تعلقات کے فروغ کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …