ہفتہ , 20 اپریل 2024

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا ‘ایک مرتبہ پھر’ سیاست میں نہ آنے کا اعلان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ایک مرتبہ پھر اعلان کیا ہے کہ اپنے پیاروں سے وعدہ کرتا ہوں سیاست میں نہیں آؤں گا۔سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کراچی میں کونسل آف فارن ریلیشنز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس سے پہلے بھی چیف جسٹس کی حیثیت سے متعدد مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ میرے کسی قسم کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں اور ساتھ ہی خواہش کا اظہار کیا کہ ‘میری خواہش ہے کہ عوام کو مفت قانونی مدد فراہم کروں’۔

تقریب کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم بند کمروں میں تیار کی گئی، اس پر پارلیمنٹ میں کبھی بحث نہیں کی گئی جبکہ اب 18ویں ترمیم میں آئین کے لحاظ سے بحث و مباحثہ چل رہا ہے۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے سپریم ادارہ قانون ہے، قانون کو اپ گریڈ کرنے والے ادارے سے غفلت ہوئی، دنیا بھر میں قوانین کو ترقی دے کر ہی ترقی حاصل کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ایماندار قیادت سے اللہ نے قوموں کو ترقی دی ہے، حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قول کے مطابق ظلم کا معاشرہ نہیں چل سکتا۔

سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اللہ کے نبی حضرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے آخری خطبے میں برابری کا سلوک اختیار کرنے کا کہا، ہمارے دین سے زیادہ برابری کا قانون کسی اور مذہب میں نہیں، ہمیں عدل کرنے والے قاضی چاہیے، ملک کی ترقی کے لیے عدل اہم ستون ہے۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ ملک کے لیے محبت کم ہوتی جارہی ہے، پاکستان مفت یا کسی کی خیرات میں نہیں ملا، ایک ریاست اور ایک ملک کے طور پر اللہ نے اس معاشرے کو نعمت بخشی ہے۔

سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مقابلے میں بھارت کے ادارے مضبوط ہیں اور ساتھ ہی سوال کیا کہ کیا ملک میں قانون بنانے پر توجہ دی گئی؟انہوں نے کہا کہ کرپشن سے بچنے کے لیے احتساب کا عمل واضع ہونا چاہیے، عدل کے ساتھ کفالت کرنے والے ترقی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وائٹ کولر جرائم کو پکڑنے کے لیے قانون کو اپ ڈیٹ کرنا پڑے گا، جرم سے ہمیں لڑنا ہوگا لوگوں کے حقوق کی پاسداری اور ملکی ترقی، یہ سب وطن سے محبت سے ہی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھی ملا وہ اس ملک کی محبت کی وجہ سے ملا ہے، ‘ہم بہت دیر تک پاکستان کی محبت سے ناآشنا رہے’۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …