ہفتہ , 20 اپریل 2024

پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کے لیے کوشش کررہے ہیں، امریکی صدر

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، امید ہے خطے میں جلد امن قائم ہوگا۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دہائیوں سے جاری کشیدگی ختم ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، ہمیں جو خبریں مل رہی ہیں، ان کے مطابق کشید گی جلد ختم ہوجائے گی۔اپنے بیان میں امریکی صدر نے مزید کہا ہے کہ امیدہے کہ خطےمیں جلدامن قائم ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان قیامِ امن کے لیے ہماری کوششیں بھی جاری رہیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارتی جارحیت پر امریکی ردعمل کو ناکافی قرار دیا تھا۔واشنگٹن میں پاکستانی سفیرڈاکٹراسد مجیدخان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پاکستان حکومت امریکی ردعمل کا اندازہ لگا رہی ہے، امریکا کے بھارتی اسٹرائیک کی مذمت نہ کرنے کوحکومت دیکھ رہی ہے۔

پاکستان کے تحفظات پر امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے پاکستان و بھارت کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں اور فوجی کارروائیوں سے گریز کریں۔ یہ بھی کہا گیا تھا کہ پیٹرک شناہن پاک بھارت کشیدگی کم کرنے پر کام کررہے ہیں۔ اس حوالے سے امریکی وزیر دفاع نے اعلیٰ حکام سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی پاک بھارت کشیدگی کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی خاتمے کیلئے ثالث کا کردار ادا کرنے کی دوبارہ پیش کش کی ہے۔انہوں نے پاکستانی وزیرخارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا تھا ۔

بھارت کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 طیارے مار گرائے تھے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا۔ ایک بھارتی طیارہ آزاد جموں کشمیر اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا تھا۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی چین میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتا، بھارت ذمہ دار ملک کی طرح برتاؤ کرے گا۔پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز تمام معاملے پر قوم کو اعتماد میں لیتے ہوئے بھارت کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتی ہیں، آپ نے ہماری طاقت دیکھ لی ہے، آئیے مذاکرات کی جانب چلتے ہیں۔ وزیر اعظم کے اس بیان کاساری دنیا نے خیر مقدم کیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …