جمعرات , 25 اپریل 2024

اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کو پکڑنے کے لیے امریکہ کا دس لاکھ ڈالر انعام کا اعلان

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) القائدہ کے سابق لیڈر اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر امریکہ نے 10 لاکھ ڈالر کا انعام مختص کیا ہے۔امریکہ کے دفتر خارجہ کے مطابق حمزہ بن لادن اسلامی عسکریت پسند گروہ کے ایک اہم رہنما کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔حالیہ سالوں میں انھوں نے اپنے والد کی موت کا بدلہ لینے کے لیے آڈیو اور ویڈیو پیغامات میں اپنے پیروکاروں کو امریکہ اور اس کے حامی مغربی ممالک پر حملہ کرنے کی دعوت دی۔سنہ 2011 میں امریکی سیل ٹیم نے اسامہ بن لادن کو پاکستان میں ہلاک کر دیا تھا۔

اسامہ بن لادن نے 11 ستمبر 2001 میں امریکہ پر ہوئے اُن حملوں کا حکم دیا تھا جن میں تقریباً 3000 لوگ لقمۂ اجل بنے۔امریکہ نے 30 سالہ حمزہ بن لادن کو دو سال پہلے سرکاری طور پر عالمی دہشت گرد قرار دے دیا تھا۔حمزہ بن لادن نے محمد عطا کی بیٹی سے شادی کی۔ یہ وہی محمد عطا ہیں جنھوں نے 2001 کے حملوں میں استعمال ہونے والے چار طیاروں میں سے ایک کو ہائی جیک کر کے نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے ٹکرا دیا تھا۔

امریکہ کے دفتر خارجہ کے مطابق ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے حاصل کیے جانے والے خطوط سے ظاہر ہوا کہ وہ اپنے سب سے پسندیدہ بیٹے حمزہ کی تربیت کر رہے تھے تاکہ حمزہ القائدہ کے رہنما کے طور پر ان کی جگہ لے سکیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …