جمعہ , 19 اپریل 2024

صمصام بخاری نے وزیر اطلاعات پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سید صمصام علی بخاری نے پنجاب کے وزیر اطلاعات کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔واضح رہے کہ ایک روز قبل فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری کے حوالے سے اپنے متنازع بیان پر اس عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سروس نے صمصام بخاری سے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران عہدے کا حلف لیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر اہم صوبائی وزرا بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ صمصام بخاری نے 2015 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔وہ 2018 کے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 201 (ساہیوال-6) سے منتخب ہوئے تھے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری کے حوالے سے دیے گئے بیان پر سوشل میڈیا پر ان کے ساتھی پارٹی رہنماؤں کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تھی جس کے بعد ان سے استعفیٰ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ کے ترجمان نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ فیاض الحسن چوہان نے استعفیٰ دے دیا ہے تاہم بعد ازاں تحریک انصاف نے وضاحت کی کہ ان کو نکال دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی مذہب کی تذلیل کو بیانیے کا حصہ نہیں ہونا چاہیے‘۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …