جمعہ , 19 اپریل 2024

وزیراعظم نے پہلی قومی ٹیرف پالیسی کی منظوری دے دی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ملک کی تاریخ کی پہلی قومی ٹیرف پالیسی (این ٹی پی) کی منظوری دے دی۔یہ پالیسی متعارف کروانے کا مقصد شفافیت، پیش گوئی کی صلاحیت اور محصولات (ٹیرف) کے مکمل ڈھانچے کو باقاعدہ شکل دینا ہے۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ مذکورہ پالیسی اب غور کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔ٹیرف پالیسی کے چیدہ چیدہ نکات بتاتے ہوئے سیکریٹری تجارت یونس داغہ کا کہنا تھا کہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی اور جامع بات چیت کے بعد یہ پالیسی تیار کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کے اہم مقاصد میں خام مال تک رسائی کے ذریعے مسابقت کو بہتر بنانا، محصولات کے شفاف ڈھانچے کی مدد سے سرمایہ کاری کو راغب کر کے ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ کرنا اور محصولات کی مد میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کو دور کرنا شامل ہے، جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔

اس پالیسی کے اصولوں میں محصولات بطور تجارتی پالیسی ساز، استثنٰی اور مراعات میں کمی، مصنوعات کی تیاری کے مرحلے کے ساتھ محصولات کے ڈھانچے کا تسلسل، ملکی صنعت کا اسٹریٹیجک تحفظ اور درآمدات کا مسابقتی متبادل شامل ہے۔اس نئی پالیسی میں وزارت تجارت میں ایک وسیع البنیاد ٹیرف پالیسی مرکز کے قیام کا منصوبہ بھی شامل ہے تاکہ اس کے مقاصد کے حصول کے لیے ٹیرف ڈھانچے میں بہتری کے لیے تجاویز مرتب کی جاسکیں۔سیکریٹری تجارت کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعطم نے جامع ٹیرف پالیسی مرتب کرنے پر وزارت تجارت کی کوششوں کی تعریف کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پالیسی کے ذریعے محصول مقرر کرنے میں شفاف، متوقع اور ادارہ جاتی ڈھانچہ متعارف کروانے سے تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوگا۔سیکریٹری تجارت کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ معیشت بالخصوص تجارتی اور صنعتی ترقی کو ماضی میں محصولات کے غیر متوقع ڈھانچے کی وجہ سے خاصہ نقصان پہنچ چکا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …