جمعہ , 19 اپریل 2024

پاک۔بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے چین، پاکستان کے کردار کا معترف

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تناؤ میں کمی اور بھارت سے مذاکرات کی خواہش پر چین نے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔پاکستان کے دورے پر آئے چین کے نائب وزیر خارجہ کونگ ژوان یو نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر دور کے اسٹریٹیجک پارٹنر ہیں اور ہم نے ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔

واضح رہے کہ چین کے نائب وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا اصل مقصد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا اور پاکستان کو اس بات کی تاکید کرنا تھا کہ وہ صورتحال معمول پر لانے کے لیے تحمل و برداشت کا مظاہرہ کرے۔

چینی وزارت خارجہ سے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ چین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر خصوصی توجہ دی ہے اور ابتدا سے ہی تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان کے رویے کو سراہا ہے، ساتھ ہی اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے تناؤ کو کم کرنے کی کوشش کرے۔

کونگ ژوان یو نے کہا کہ چین کا ہمیشہ یہ ماننا رہا ہے کہ ہر ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے اور ہم ایسے اقدامات نہیں دیکھنا چاہتے جن سے عالمی تعلقات کی اقدار کی خلاف ورزی کی جائے۔

چین نے پاکستان اور بھارت دونوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات شروع کیے جائیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ چین اس سلسلے میں تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہشمند ہے۔

ادھر وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے بھی چین کے غیرجانبدار رویے کو سراہا اور بھارت کے ساتھ مسئلے کا حل نکالنے کی خواہش کا اظہار کیا۔پاکستان نے اس بات کی امید ظاہر کی کہ چین اور عالمی برادری کے دیگر اراکین اس عمل میں تعمیری کردار ادا کریں گے۔

بیان میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ چین کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چین نے اس بات پر اصرار کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا ہے کہ تمام ممالک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا خیال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ ہم تناؤ اور کشیدگی میں کمی کے لیے مثبت اقدامات کریں گے تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …