بدھ , 24 اپریل 2024

جماعت الدعوۃ کےسربراہ حافظ سعید کو نماز کی امامت سے روک دیا گیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومتِ پنجاب نے چوبرجی پر قائم جماعت الدعوۃ کے ہیڈ کوارٹرز جامعہ القدسیہ اور مرید کے میں موجود مرکز کا انتظام سنبھال کر منتظمین (ایڈمنسٹریٹر) مقرر کردیے۔اس کے ساتھ انتظامیہ نے چوبرجی کی جامعہ مسجد قدسیہ میں جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے نماز کی امامت کرنے پر پابندی لگاتے ہوئے وہاں بھی ایک سرکاری عہدیدار مقرر کردیا۔ ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ جامعہ مسجد کا انتظام سنبھالنے میں معاونت کے لیے پولیس کا دستہ بھی ساتھ روانہ کیا گیا جبکہ پولیس نے رات گئے مسجد سے متصل مرکز کو بھی تالا لگا دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں جماعت الدعوۃ کی قیادت نے 75 ایمبولینسز بھی پولیس کے حوالے کردیں جنہیں ریسکیو 1122 کو دیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ انہیں ری ڈیزائن کر کے ایمرجنسی سروس کا مستقل حصہ بنایا جائے۔اس کے ساتھ مرید کے میں قائم جماعت الدعوۃ کے مرکز پر بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی جہاں حکومت نے مختلف شعبہ جات میں 2 خواتین سمیت 6 منتظمین مقرر کیے۔سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ خواتین منتظمین میں سے ایک خاتون کو مرید کے مرکز میں واقع لڑکیوں کے اسکول جبکہ دوسری کو ایک ہسپتال میں تعینات کیا گیا۔

علاوہ ازیں ایک تحصیلدار کو مرید کے مرکز کے احاطے کے امور سنبھالنے کے لیے مقرر کیا گیا جہاں 300 سے زائد خاندان رہائش پذیر ہیں۔ایک سوال کے جواب میں عہدیدار نے بتایا کہ لاہور میں سیکڑوں مساجد جماعت الدعوۃ کے زیرانتظام ہیں جنہیں آئندہ کچھ روز میں مرحلہ وار حکومت کے زیرانتظام کردیا جائے گا۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …