جمعہ , 19 اپریل 2024

"مُصلیٰ رحمت” معرکے میں فلسطینی قوم فتح مند، غاصبوں کو شکست!

قابض صہیونی حکام اور یہودی اشرارنے حال ہی میں قبلہ اول کے اہم مقام ‘باب رحمت اور اس کے اندر موجود مصلیٰ رحمت’ پر غاصبانہ تسلط جمانے کی مذموم کوشش کی۔ مگر صہیونیوں کو اس میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مسجد اقصیٰ کے تاریخی دروازوں میں سے ایک ‘باب رحمت’ کہلاتا ہے۔ مسجد اقصیٰ کا یہ تاریخی باب گذشتہ 16 سال سے صہیونی فوج نے فلسطینی نمازیوں کے داخلے کے لیے بند کر رکھا تھا۔ حال ہی میں اسرائیلی فوج، پولیس اور یہودی آبا کاروں کی بڑی تعداد مصلیٰ رحمت میں داخل ہوئی اور وہاں گھس کر فلسطینی نمازیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا۔ اس واقعے نے فلسطینی قوم میں غم وغصے کی لہر دوڑا دی اور پورے ملک میں فلسطینی اٹھ کھڑے ہوئے اور انہوں‌نے باب الرحمت کی بندش کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔ کل جمعہ کو ہزاروں فلسطینیوں باب الرحمت میں پہنچ کر جمعہ کی نماز ادا کی اور آخر کارفلسطینی قوم کی بیداری کا معرکہ کامیابی سے ہم کنار ہوا اور 16 سال کے بعد فلسطینی اس مقام میں داخل ہونے اور مقدس مقام میں عبادت کے حق کے حصول میں کامیاب ہو گئے۔

سنہ 2003ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب فلسطینی شہریوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائی کا موقع ملا۔ اس موقع پر فلسطینیوں کی خوشی کی انتہا نہیں رہی۔ فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست نے پوری فلسطینی قوم پرعرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔غزہ کی پٹی کے وام مسلسل محاصرے کا شکار ہیں اور ان پر اقتصادی پابندیاں عاید ہیں۔ غرب اردن کے عوام کا ناطقہ بند کردیا گیا ہے۔ آئے روز اسرائیلی فوج وہاں پر چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر نہتے فلسطینیوں کو گرفتار کرتے اور انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ بیت المقدس کے عوام کی زندگی بھی مشکل بنا دی گئی ہے۔مسجد اقصیٰ کی آئے روز ہونے والی بے حرمتی نے اور دیگر جرائم نے فلسطینی قوم کو پہلے ہی غم وغصے سے دوچار کردیا ہے۔ ایسے میں باب رحمت میں اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کا داخلہ اور فلسطینیوں کو وہاں سے بے دخل کرنے کی صہیونی کوشش نے فلسطینیوں کے جذبہ آزادی اور دفاع مقدسات کو ایک مہمیز دی۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے باب رحمت میں جو اشتعال انگیز کارروائی کی ایسی ہی ایک سازش جولائی 2017ء میں کی گئی تھی جب صہیونی فوج نے مکاری اور چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ کے باہر الیکٹرانک گیٹ نصب کرکے مقدس مقام میں فلسطینیوں کے داخلے کو مشکل بنا دیا تھا۔ تاہم فلسطینی قوم نے اس معرکے میں‌ بھی بیداری کا ثبوت دیا۔

مسجد اقصیٰ کو فوجی چھانیوں میں تبدیل کر دیا گیا
جمعہ کے روز صہیونی فوج کی بھاری نفری نے قبلہ اول میں گھس کر مقدس مقام کی حرمتی کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کو وہاں پرنماز کی ادائی سے روکنے کی پوری کوشش کی۔ قبلہ اول کو صہیونی فوج کی چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا۔

مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے قبلہ اول کو فوجی چھائونی میں تبدیل کرنے کے صہیونی اقدام کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ باب رحمت قبلہ اول کا اٹوٹ انگ ہے اور اسے مقدس اور طاہر وطیب مقام سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔ قبلہ اول 144 دونم رقبے پر پھیلا مقا ہے اور جگہ میں آنے والا ہرمقام اس کا حصہ ہے، جس پر کسی صہیونی یا دوسری ملت کے لوگوں کا کوئی حق نہیں ہے۔ یہ جگہ صرف مسلمانوں کے لیے خاص ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچانے اور اس کے تاریخی تشخص کو ختم کرنے کے لیے طرح طرح کے مکروہ حربے استعمال کررہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صہیونی مسجد اقصیٰ میں بھی مسجد ابراہیمی کی طرح فلسطینی نمازیوں کا قتل عام کرکے حالات کو اپنے حق میں ہموار کرنا چاہتے ہیں۔ مگر صہیونی دشمن مسجد ابراہیمی کا تجربہ قبلہ اول میں نہیں دہرا سکتے۔بشکریہ مرکز اطلاعات فلسطین

یہ بھی دیکھیں

مریم نواز ہی وزیراعلیٰ پنجاب کیوں بنیں گی؟

(نسیم حیدر) مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا تاج …