ہفتہ , 20 اپریل 2024

پی ایس ایل: اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لیے ضروری ہدایات

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) انتظامیہ کی جانب سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے دوران اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لیے ضروری ہدایات جاری کردی گئیں۔پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے یہ ہدایات اپنی ویب سائٹ پر شائع کی گئیں۔

پاکستان سپر لیگ کے میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 9 مارچ سے کھیلے جارہے ہیں اور فائنل سمیت کُل 8 میچز کھیلے جائیں گے جس کے لیے تقریباً تمام ٹکٹیں ہی فروخت ہوچکی ہیں۔میچ دیکھنے کے لیے آنے والوں کے لیے پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے ان کی رہنمائی کے لیے ہی کچھ تیاریاں کی ہیں۔

گیٹ کُھلنے کا وقت: اسٹیڈیم میں داخل ہونے والے گیٹس میچ کے آغاز سے 3 گھنٹے قبل ہی کھول دیے جائیں گے، جس کا مطلب یہ ہے کہ 7 بجے شروع ہونے والے میچز کے لیے گیٹ 4 بجے جبکہ 11 مارچ کو سہ پہر 2 بجے شروع ہونے والے میچ کے لیے گیٹ صبح 11 بجے کھول دیا جائے گا۔

صرف ٹکٹ رکھنے والے شائقین اسٹیڈیم آئیں: پی ایس ایل میچز کی ٹکٹیں اسٹیڈیم کے گیٹ یا پھر پارکنگ میں فروخت نہیں کی جارہیں، تاہم ضروری ہے کہ صرف وہی افراد اسٹیڈیم تک آئیں جن کے پاس ٹکٹ موجود ہوں۔

کھانے پینے کی اشیا لانا ممنوع: اسٹیڈیم میں کسی بھی طرح کی کھانے یا پینے کی اشیا لانے کی ممانعت ہوگی جبکہ پانی کی بوتل ساتھ لانے والوں کی بوتلیں سیکیورٹی گیٹ پر ہی لے لی جائیں گی۔تاہم شائقین کے لیے کھانے اور پینے کا موضوع انتظام نیشنل اسٹیڈیم کے اندر ہی موجود ہوگا جسے شائقین خرید سکیں گے۔

سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کی درخواست: پی ایس ایل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میچز کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے شائقین کی سیکیورٹی گیٹ پر مکمل تلاشی لی جائے گی، تاہم شائقین سے درخواست ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کرکے ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔

اسٹیڈیم کے قریبی علاقوں کا ٹریفک پلان: اس کے علاوہ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ میچ کے دوران ٹریفک سے متعلق کسی بھی پریشانی کا سامنا کرنے سے پہلے اس روز کے ٹریفک پلان کے بارے میں ضرور جان لیں۔میچ کے روز نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف میں موجود تمام سڑکیں بند کردی جائیں گی جن کے متبادل راستوں کے بارے میں ناکے کی جگہ پر بتایا جائے گا۔

شائقین کے لیے پارکنگ کی سہولت: ادھر شائقین کے لیے گاڑی کی پارکنگ کے لیے گزشتہ برس کی طرح 5 پوائنٹس بنائے گئے ہیں جن میں ایک حکیم سعید پارک کے ساتھ موجود گراؤنڈ۔ دوسرا اردو یونیورسٹی گراؤنڈ، تیسرا مسجدِ بیت المکرم کے برابر میں موجود گراؤنڈ، چوتھا ملینیئم مال کے نزدیک غریب نواز فٹبال گراؤنڈ جبکہ پانچواں پوائنٹ یونیورسٹی روڈ پر ایکسپو سینٹر کی پارکنگ ہے۔

پارکنگ کے لیے ٹکٹ ضروری: شائقین اپنی گاڑیوں کو اپنی سہولت کے مطابق مذکورہ پارکنگ میں اپنا اصل ٹکٹ اور شناختی کارڈ دکھا کر گاڑی کھڑی کریں گے جس کے بعد انہیں شٹل سروس سے نیشنل اسٹیڈیم تک لے جایا جائے گا۔شٹل سروس کا آغاز گیٹ کھلنے کے ساتھ ہی میچ کے آغاز سے 3 گھنٹے قبل کر دیا جائے گا۔

ممنوعہ آلات لانے سے اجتناب: تمام شائقین پر کسی بھی طرح کے اسلحے، کھلونا پستول، آتش گیر مواد، سیگریٹ، ماچس، لائٹرز یا چاقو جیسے آلات لانے پر مکمل پابندی ہوگی۔شناختی کارڈ یا بے فارم لازمی: شائقین اپنے ہمراہ ٹکٹ اور شناختی کارڈ ضرور لائیں جبکہ 18 سال سے کم عمر افراد اپنے ساتھ ٹکٹ کے ہمراہ فارم بی لے کر آئیں۔

ٹکٹ کے اصل مالک کا شناختی کارڈ لازمی: اگر کسی شائق کے ٹکٹ کا اجرا اس کے اصل شناختی کارڈ کے نمبر نہیں ہوا تو وہ اپنے ہمراہ اس ٹکٹ کے اصل خریدار کے شناختی کارڈ کی کاپی بھی اپنے ہمراہ لانے کا پابند ہوگا۔

جن افراد کے پاس ٹکٹس ہوں گے صرف وہی شٹل سروس کا استعمال کرسکیں گے اور اس میں سوار ہونے کے لیے بھی ٹکٹ لازمی دکھانا ہوگا۔ٹکٹ کی تصدیق لازمی: اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل ٹی سی ایس حکام ٹکٹ کی تصدیق کریں گے جس کے بعد ہی شائق کو داخلے کی اجاز دی جائے گی۔آخر میں اینکلوژر کے گیٹ پر بھی ٹی سی ایس نمائندہ موجود ہوگا جو شائق سے ٹکٹ کا آدھا حصہ لے کر اسے اینکلوژر کے اندر جانے کی اجازت دے گا۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …