جمعہ , 19 اپریل 2024

پِتے میں پتھری کی خاموش علامات

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)پتہ آپ کے پیٹ میں جگر کے بالکل نیچے دائیں جانب ہوتا ہے اور امرود کی شکل کے اس عضو میں ایک سیال بائل یا صفرا ہوتا ہے۔یہ سیال جگر میں بنتا ہے جو کہ چربی اور مخصوص وٹامنز کو ہضم ہونے میں مدد دیتا ہے۔جب آپ کھاتے ہیں تو جسم اسے خارج کرنے کا سگنل دیتا ہے۔

تاہم پتہ میں اکثر افراد کو پتھری کا مسئلہ لاحق ہوتا ہے جس کی وجہ سیال کا ٹھوس شکل اختیار کرلینا ہے جو کہ ایک گولف بال جتنی بڑی بھی ہوسکتی ہے جبکہ ایک یا متعدد بھی ہوسکتی ہیں۔یہ پتھریاں سینکڑوں کولیسٹرول سے بنتی ہیں مگر کچھ افراد جنھیں جگر کے مختلف امراض لاحق ہوں، ان میں اس کی اقسام الگ ہوسکتی ہیں۔اگر پتہ سوجنے لگے جسے طبی زبان میں Cholecystitis کہا جاتا ہے، جو کہ پتھری کی نشانی بھی ہے، اس کی علامات درج ذیل ہیں۔

معدے میں درد
معدے میں درد پتے میں پتھری کی سب سے عام علامت ہے اور عام طور پر یہ شکم کی اوپری دائیں جانب ہوتا ہے، کئی بار یہ درد کمر اور دائیں کندھے تک بھی پھیل جاتا ہے، یہ عام طور پر تیز دھار جیسا ہوتا ہے اور کھانے کے بعد آدھے سے ایک گھنٹے تک ہوتا ہے، جس کے بعد یہ دور ہوجاتا ہے۔

درد کش ادویات مددگار نہیں ہوتیں
اگر درد دور کرنے والی ادویات سے بھی مسئلہ حل نہیں ہوتا تو یہ پتے میں مسائل کی علمات ہوسکتی ہے، اپنی پوزیشن کو بدلنے یا گیس کے اخراج سے کچھ بہتری محسوس کرنا بھی اس کی علامات ہیں۔

یرقان
یرقان جگر میں مسائل کی نشانی ظاہر کرنے والی علامت ہے جس میں جلد اور آنکھوں کی سفیدی پر زردی چھاجاتی ہے جبکہ پیشاب کی رنگت بھی گہری ہوجاتی ہے، یہ مرض بالغ افراد میں پتے میں مسائل کا بھی ایک اشارہ ہوسکتا ہے، پتہ چھوٹی آنت میں بائل کو ایک ٹیوب کے خارج کرتا ہے اور یرقان اس وقت نمودار ہوتا ہے جب یہ ٹیوب بلاک ہوتی ہیں اور ایسا ہونے پر بائل پتے میں جمع ہوکر ٹھوس شکل اختیار کرلیتا ہے۔

دل متلانا اور قے
ایسا دیگر امراض میں بھی ہوتا ہے مگر پتے میں پتھری کی شکل میں بھی یہ کافی عام ہوتا ہے اور اکثر افراد اسے سینے میں جلن یا معدے میں تیزابیت سمجھ کر نظرانداز کردیتے ہیں۔ اگرچہ قے اور دل متلانا پتے میں پتھری کی کوئی واضح علامت نہیں مگر اوپر دی گئی علامات میں سے بھی کسی کا سامنا ہو تو پھر یہ پتے میں پتھری کی جانب اشارہ ہوسکتی ہے۔

لبلبہ کی سوزش
اگر لبلبے کی سوزش یا ورم کا سامنا ہو تو پتے میں پتھری کا چیک اپ بھی کرالینا چاہئے، لبلبہ جگر کے برابر میں ہوتا ہے اور اسی حصے میں انزائمے خارج کرتا ہے جہاں سے بائل گزرتا ہے، تو پتے میں پتھری اس کے افعال کو بھی متاثر کرتی ہے، جس سے لبلبے میں ورم اور معدے میں درد کا سامنا ہوتا ہے۔

موٹاپا یا اچانک جسمانی وزن میں کمی
موٹاپے کے شکار افراد میں پتے میں پتھری کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے اور جسمانی وزن میں کمی سے اس میں کمی آتی ہے، مگر یہ وزن بغیر کسی کوشش کے اچانک کم ہونا شروع ہوجائے تو اس سے بھی پتے میں پتھری بننے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بائیڈن کے حماس سے اپنی شکست تسلیم کرنے کے چار اہم نتائج

ایک علاقائی اخبار نے الاقصیٰ طوفان آپریشن کو مختلف جہتوں سے حماس کے خلاف امریکہ …