منگل , 23 اپریل 2024

نیب کا ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے محکمہ اسمال انڈسٹریز سندھ میں غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق وزیر صنعت و تجارت رؤوف صدیقی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔سندھ ہائی کورٹ میں نیب کی انکوائری کے خلاف سابق وزیر رؤوف صدیقی کی درخواست پر سماعت کی۔واضح رہے کہ محکمہ سندھ اسمال انڈسٹریز میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق ایم کیو ایم رہنما اور دیگر کے خلاف نیب کی انکوائری جاری ہے۔

اپنی درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ نیب بے بنیاد الزامات پر ان کے خلاف تحقیقات کررہا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے نیب کی جانب سے گرفتاری کے خدشے کے پیشِ نظر عبوری ضمانت دیے جانے کی بھی استدعا کی تھی۔سماعت میں نیب پراسیکیوٹر نے نیب کو آگاہ کیا کہ نیب نے ایم کیو ایم رہنما رؤوف صدیقی کو ملزم نامزد کردیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیر اور دیگر کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ثابت ہورہا ہے۔

ریفرنس کے حوالے سے عدالت کو اگاہ کرتے ہوئے پراسیکیوٹر نے کہا کہ رؤوف صدیقی اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے معاملہ ہیڈ کوارٹر ارسال کیا جاچکا ہے۔جس پر عدالت نے نیب کو ریفرنس دائر کر کے اس کی رپورٹ 2 مئی تک پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ رؤوف صدیقی 2002 کے انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد جنوری 2003میں صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے عہدے پر فائز ہوئے تھے جس کے بعدجولائی 2004 میں انہیں صوبائی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپ دیا گیا تھا۔

بعدازاں 2006 میں انہیں صوبائی وزی برائے ثقافت و سیاحت بنادیا گیا تھا جس پر وہ نومبر 2007 تک فائز رہے، 2008 کے انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد انہوں نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت کا عہدہ سنبھالا۔

اس دوران 2012 میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن رونما ہونے پر وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، جنہیں بعد میں اس کیس میں نامزد کردیا گیا تھا اور14فروری 2018 کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ان پرفردِ جرم عائد کردی تھی۔

قبل ازیں نیب نے ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر اور وفاقی وزیر بابر غوری اور دیگر رہنماؤں کے خلاف پونے 3 ارب سے زائد کرپشن کے الزام پر تفتیش کے بعد احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا۔جس پر احتساب عدالت نے ریفرنس کو سماعت کے لیے منظور کرنے کے ساتھ ہی بابر غوری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …