پیر , 10 مئی 2021

قبلہ اول پر صہیونی یلغار مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے: قطر

دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک)قطر نے مسجد اقصیٰ پر صہیونی یلغار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالم اسلام پر قبلہ اول کے دفاع کے لیے موثر حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا ہے۔ قطری حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انتہا پسند یہودیوں کے مسجد اقصیٰ پر صہیونی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں دھاوے اور مقدس مقام کی بے حرمتی ناقابل قبول اور مذہبی اشتعال انگیزی ہے۔

قطری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ایام میں صہیونی فوج اور پولیس کی نگرانی میں یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے دھاوے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی مذموم کوشش ہے اور اس سازش میں اسرائیلی ریاست براہ راست ملوث ہے۔

قطر نے مسجد اقصٰی میں یہودی آباد کاروں کی غنڈہ گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری بالخصوص عالم اسلام پر زور دیا ہے کہ وہ قبلہ اول کے تحفظ کے لیے موثر حکمت عملی وضع کریں۔

قطر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت حرم قدسی کے حوالے سے تمام بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کو پامال کر رہی ہے۔ بیان میں عرب لیگ پر بھی زور دیا گیا کہ وہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …