اتوار , 16 مئی 2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دورے پر چین پہنچ گئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پہلے پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک مذاکرات میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچ گئے۔تین روزہ دورے کے دوران دونوں ممالک باہمی تعاون کے تمام تر امور پر جامع بات چیت کریں گے، جس میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سرِفہرست ہے۔اس کے ساتھ دونوں فریقین خطے کی صورتحال اور کثیرالجہتی تعاون کے معاملے پر بھی گفتگوکریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے ٹوئٹ کر کے وزیر خارجہ کے دورہ چین کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس کے علاوہ وزیر خارجہ سی پیک پر سیاسی جماعتوں کے فورم سے خطاب کریں گے جبکہ دونوں ممالک کی حکمراں جماعتوں، پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا، کے درمیان بات چیت میں بھی شرکت کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تین روز تک جاری رہنے والے اس دورےکے دوران وزیر خارجہ کی چینی قیادت کے ساتھ ملاقات بھی متوقع ہے۔

اس سلسلے میں دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر خارجہ کے دورہ چین سے مختصر اور وسیع تر باہمی تعلقات کی رفتار تیز ہوگی اور سی پیک کے تحت اقتصادی تعاون کی کوششوں میں مزید اضافہ ہوگا۔چین روانہ ہونے سے قبل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ان کے دورہ چین پہلے سے ہی طے شدہ تھا۔

اس موقع پر چین کی جانب سے پاکستان کے لیے حالیہ حمایت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانیہ، فرانس، اور امریکا کی جانب سے جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دلوانے اور اقوامِ متحدہ کی کالعدم فہرست میں شامل کرنے کے لیے سلامتی کونسل میں قرار داد پیش کی تھی جسے ایک مرتبہ پھر چین نے ویٹو کردیا تھا۔واضح رہے کہ یہ تیسرا موقع تھا جب اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسعود اظہر پر پابندی عائد کرنے کے لیے قرار داد پیش کی گئی اور تینوں مرتبہ چین نے اسے ویٹو کردیا۔

یہ بھی دیکھیں

ملک میں کورونا کی تشویشناک صورتحال

پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں روز بروز تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا …