جمعہ , 19 اپریل 2024

آمدن سے زائد اثاثے،عبدالعلیم خان ریمانڈ میں2 اپریل تک توسیع

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے ریمانڈ میں 15 دن کی توسیع کردی۔قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی جانب سے عبدالعلیم خان کو کوٹ لکھپت جیل سے احتساب عدالت لاہور پہنچایا گیا۔ عبدالعلیم خان کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ علیم خان کے خلاف اب تک ریفرنس دائر نہیں ہوا، جس پر نیب کے وکیل کا کہنا تھا کہ علیم خان کے خلاف رپورٹ فائنل ہونے والی ہے۔

نیب حکام کی جانب سے ایک بار پھر پی ٹی آئی رہنما کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 دن کی توسیع دیتے ہوئے سماعت 2 اپریل تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ نیب نے عبدالعلیم خان کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے نیب کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر 18 مارچ تک کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …