بدھ , 19 جون 2019

شریف برادران 30 سال میں ایک ہسپتال بھی نہ بنا سکے جہاں ان کا علاج ہو سکے :عثمان بزدار

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کیا شریف میڈیکل سٹی اور اتفاق ہسپتال بھی ناقص علاج مہیا کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ اپنا علاج شوکت خانم سے کرایا اور ان کے والد کا علاج بھی وہیں سے ہوا،وزیراعلیٰ نے کہاکہ کیا شریف برادران 30 سال میں ایک ہسپتال بھی نہ بنا سکے جہاں ان کا علاج ہو سکے ، وزیر اعلیٰ نے ٹویٹ میں کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی،کیا حکومت نے نوازشریف کو من پسند جگہ پرعلاج کی پیشکش نہیں کی،کیا نواز شریف کو اپنے بھائی کے بنائے ہسپتال اور اپنے ذاتی دو ہسپتالوں پر بھی اعتبار نہیں۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کیا نواز شریف محض ضمانت کیلئے ہسپتال نہ جانے کا دباؤ نہیں ڈال رہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیوزی لینڈ میں مساجد میں فائرنگ کے واقعہ میں پاکستانیوں اور دیگر افراد کی شہادت پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ۔وزیر اعلیٰ نے نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اورہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

شہید نعیم راشدپاکستانی قوم اورمسلم کمیونٹی کے ہیرو ہیں۔بعدازاں انہوں نے بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے علاقے ربی میں ریلوے لائن پر بم دھماکے کی مذمت کی ہے ،وزیراعلیٰ نے دھماکے کے باعث ٹرین کی بوگیاں الٹنے سے قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسو س کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔بعدازاں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں شاندار فتح پرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو مبارکباددی ہے ۔

یہ بھی دیکھیں

حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات، ایوان کو افہام و تفہیم سے چلانے کا معاہدہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایوان کو افہام و تفہیم سے چلانے کا …