بدھ , 24 اپریل 2024

افغانستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخی فتح حاصل کرلی

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان نے ٹیسٹ کرکٹ کا اسٹیٹس حاصل کرنے کے بعد اپنے دوسرے میچ میں آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے باآسانی زیر کر کے تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔بھارت کے شہر دیرادون کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ کے چوتھے روز افغان ٹیم نے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کھیل کا آغاز کیا تو اس کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 29 رنز تھا اور جیت کے لیے مزید 118 رنز درکار تھے۔

پہلی اننگز میں کم اسکور پر آؤٹ ہونے والے احسان اللہ نے رحمت شاہ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ میں ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا اور دونوں بلے بازوں نے 139 رنز کی شراکت قائم کی۔افغانستان کی دوسری 144 کے اسکور پر گری جب سب سے زیادہ 76 رنز بنانے والے رحمت شاہ کیمرون ڈو کی گیند پر آؤٹ ہوئے، صرف ایک رن کے اضافے کے بعد تجربہ کار کھلاڑی محمد نبی رن آوٹ ہوئے لیکن اگلی ہی گیند پر نئے بلے باز حشمت اللہ شاہدی نے چوکا لگا کر ٹیم کو تاریخی فتح دلا دی۔

افغانستان نے 147 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، احسان اللہ نے ناقابل شکست 65 رنز بنائے جبکہ حشمت اللہ شاہدی بھی 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔آئرلینڈ کے میکبرائن اور کیمرون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں آئرلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 172 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں افغانستان نے رحمت شاہ کے شان دار 98 رنز کی بدولت 314 رنز بنائے تھے، رحمت شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی اولین سنچری مکمل کرنے میں صرف 2 رنز کے فرق سے محروم رہ گئے۔

آئرلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 288 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جس میں بیلبرین کے 82 اور او براین کے 56 رنز شامل تھے جبکہ افغانستان کو جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف ملا تھا۔رحمت شاہ کو دونوں اننگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے افغان ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی کامیابی پر ٹویٹر میں اپنے پیغام میں مبارک باد دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کی۔

عمران خان نے کہا کہ ‘افغانستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی پہلی جیت مبارک ہو، بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے کے بعد قلیل عرصے میں افغان کھلاڑیوں نے یہ زبردست کامیابی سمیٹ لی ہے’۔یاد رہے کہ افغانستان اور آئرلینڈ کو 2017 میں ٹیسٹ کرکٹ کا اسٹیٹس مل گیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں نے اپنا پہلا میچ کرکٹ کی دنیا کی دو بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلا تھا اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا جبکہ افغانستان نے بھارت کے خلاف کھیلا تھا اور انہیں شکست ہوئی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …