جمعہ , 19 اپریل 2019

پاکستان شعیب ملک کی قیادت میں آسٹریلیا کیخلاف پہلا ون ڈے آج کھیلے گا

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو کہ شام 4 بجے شروع ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم کے مستقل کپتان سرفراز احمد سمیت چند اہم کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں آرام دیا گیا ہے۔ تجربہ کار بلے باز بابر اعظم، لیگ اسپنر شاداب خان، اوپنر بلے باز فخر زمان اور فاسٹ بولر حسن علی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

سرفراز احمد کی جگہ ٹیم کی کپتانی تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کریں گے جبکہ محمد رضوان وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ عمر اکمل، یاسر شاہ اور محمد عباس کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔سیریز کی تیاریوں کےلیے قومی ٹیم نے دو روز پریکٹس کی۔ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے الگ الگ سیشن بھی ہوئے۔ کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ آسٹریلین ٹیم تجربہ کار ہے لیکن ہماری ٹیم آسٹریلیا کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پاکستان نے آسٹریلیا کےخلاف 17 سال سے کوئی ون ڈے سیریز نہیں جیتی، 2014 کی یو اےای سیریز میں کینگروز نے شاہینوں کو وائٹ واش کیا تھا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا کو ایک صفر اور 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

سیریز کا دوسرا ون ڈے 24 مارچ کو شارجہ، تیسرا میچ 27 مارچ کو ابوظبی، چوتھا میچ 29 مارچ کو دبئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 31 مارچ کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ورلڈ کپ 2019 سے قبل پاکستان کےلیے آسٹریلیا کےخلاف ون ڈے سیریز اہم ہے۔ قومی ٹیم اس وقت ون ڈے رینکنگ میں چھٹے اور آسٹریلیا پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان اسکواڈ
کپتان شعیب ملک، وکٹ کیپر محمد رضوان، عمر اکمل، محمد عباس، یاسر شاہ، عابد علی، فہیم اشرف، حارث سہیل، عماد وسیم، امام الحق، جنید خان، محمد عامر، محمد حسنین، سعد علی، شان مسعود، عثمان شنواری۔

آسٹریلیا اسکواڈ
کپتان ایرن فنچ، عثمان خواجہ، شان مارش، پیٹرز ہینڈ کومب، گلین میکسویل، مارکس اسٹونیس، ایشٹن ٹرنر، الیکس کیرے، پیٹ کمنز، کولٹر نائل، رچرڈسن، کین رچرڈسن، نیتھن لیون، ایڈم زمپا، جیسن بحرین ڈورف۔

یہ بھی دیکھیں

ویرات کوہلی کی قیادت میں ورلڈکپ کیلئے 15 رکنی بھارتی اسکواڈ کا اعلان

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ کے لیے ویرات کوہلی کی قیادت میں ...